Urdu News

رمضان کی شروعات سے قبل لوگوں کے سحر و افطار کا انتظام ہو: سید محمد اشرف کچھوچھوی

آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے قومی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی

آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے قومی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان شروع ہونے سے پہلے ہی ضرورت مند لوگوں تک رمضان راشن پہنچا دیں، ہندوستانی صوفی مسلمانوں کی سب سے بڑی ملک گیر تنظیم نے اپنے تمام ذمہ داران اور ممبران کو ہدایت کی ہے کہ جو مدد لوگوں تک رمضان میں پہنچانی ہے وہ پہلے سے شروع کر دی جائے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور انہیں بغیر کسی پریشانی کے عبادت کرنے اور اپنے رب کو راضی کرنے کا موقع ملے۔

آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ نے الاشرف ٹرسٹ کے ساتھ مہم کا آغاز کیا، مرکزی دفتر سے رمضان کٹ تقسیم

حضرت نے کہا کہ مصیبت زدہ انسانیت کے ہر حال میں کام آنا مسلمان کا کام ہے، اس کے لیے ہماری کوششیں جاری ہیں اور ہر ضلع میں بورڈ بیت المال قائم کر رہا ہے تاکہ زکوٰۃ، صدقات اور امداد ایک ہی جگہ جمع ہو اور صحیح لوگوں تک پہنچانے کا انتظام ہو۔اب دیکھا جا رہا ہے کہ بہت سے لوگوں نے چولا بدل کر اسے لوٹنا شروع کر دیا ہے اور جن لوگوں کو مدد کی ضرورت ہے ان تک مدد نہیں پہنچ رہی ہے، مدارس بھی کمزور ہو رہے ہیں اور انہیں کوئی مدد نہیں مل رہی، اس لیے ایک مرکزی ادارے کی ضرورت ہے جس کے لیے آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ نے ضلع وار بیت المال کے قیام کا عزم کیا ہے تاکہ مقامی سطح پر ضرورت مندوں کو ریلیف فراہم کرنے کا کام ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ کیا جاسکے۔

آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ ہندوستان کے 85 فیصد مسلمانوں کی تنظیم ہے اور ملک میں محبت کا پیغام مسلسل پھیلا رہی ہے تاکہ لوگ نفرت کی آگ میں نہ جلیں اور آپسی بھائی چارے کو مضبوط بنا کر ملک کی ترقی کا حصہ بنیں۔

آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ اور الاشرف ٹرسٹ کے مرکزی دفتر سے حضرت کے اعلان کے بعد بورڈ کے قومی جنرل سکریٹری شاہ حسن جامی کے تعاون سے رمضان راشن کٹس کے تقسیم کی شروعات کر دی گئی جسےبورڈ مرکزی دفتر کے سکریٹری حافظ محمد حسین شیرانی، بورڈ کیمپس کوآرڈینیٹر مولانا عظیم اشرف اور بوڈ و الاشرف ٹرسٹ کے خزانچی اور اکاؤنٹنٹ محمد اشرف نے انجام دیا۔ ام فاطمہ، صوالحہ سلمیٰ، حلیمہ، فاطمہ، محمد وصی اور شبیر نے راشن تقسیم میں تعاون کیا۔ اب بورڈ کی تمام یونٹوں میں یہ شروع ہوجائے گا اور جلد لوگوں تک رمضان راشن کٹ پہنچانے کا کام ہوگا۔

Recommended