Urdu News

فتح پور میں بزم تحفظ اردو کے تحت غیر طرحی نشست منعقد

فتح پور میں بزم تحفظ اردو کے تحت غیر طرحی نشست کی تصویری جھلک

فتح پو،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)

بزم تحفظ اردو کی جانب سے بزم کے دفتر محلہ مولوی گنج فتح پور میں ایک غیر طرحی نشست کا انعقاد کیا گیا، جسکی صدارت حاجی مطیع اللہ حسینی اور نظامت امیر فیصل لکھنؤی نے کی۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے محمد اکرم انصاری مقیم حال سعودی عرب نے شرکت کی۔

 بزم کے بانی و صدر احمد سعید حرف نے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بزم کی جانب سے 1اپریل2023 سے اردو کی تعلیم کے لئے درجات شروع کئے جائیں گے، جہاں کوئی بھی اردو تعلیم حاصل کر سکےگا۔ انہوں نے آگے مزید کہا کہ میرا مقصد ہے کہ ہماری نئی نسل اردو زبان سے واقف ہو ۔

غیر طرحی نشست کے پسندیدہ اشعار نزر قارئین ہیں۔

حاکم وقت سے جاکر کوئی اتنا کہ دے

کچھ حقیقت بھی ضروری ہے فسانے کے لئے

مطیع اللہ حسینی 

ہمارے دل کو یقیں تھا کہ آپ آئیں گے

یہ بزم ہمنے سجائی تھی آپ ہی کے لئے

احمد سعید حرف

یہ سانپوں کو ہم جو سنبھالے ہوئے ہیں

ہمارے ہی ہاتھوں کے پالے ہوئے ہیں

امیر فیصل لکھنؤی

پڑوسی کے گھر کی بجھا دیجے آتش

ابھی تیرے گھر میں جلا کچھ نہیں ہے

وثیق الرحمن شفق

لب کشائی کی ضرورت بھی ہے ظلم و جبر پر

تو بھی مجرم سمجھا جائگا اگر خاموش ہے

حسان ساحر

جنکے لہجے میں خوش بیانی ہے

ہر طرف انکی پاسبانی ہے

اکبر منصوری

امن و یکجہتی کا ماحول بنانا ہوگا

ملک سے فرقہ پرستی کو مٹانا ہوگا

سلمان فتح پوری

ہم سے نظریں ملا نہ پاؤگے

تیر کوئی چلا نہ پاؤگے

جاوید یوسف

کیا کہیں وقت کا یہ پھیرا ہے

کل مرا تھا جو آج تیرا ہے

حسیب یاور

اس موقع پر خاص طور سے محمد شاکر بحلیمی،پپو ملک، صحافی جاوید اختر،صحافی معید احمد، محمد صغیر،محمد انظر،ابو دردا،عبداللہ وغیرہ موجود رہے۔

نشست کے اختتام پر احمد سعید حرف نے سبھی شعراء و سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ بزم کی آئندہ طرحی نشست مصرع طرح”غزل کی نوک، پلک سب سنوار دیتا ہے ۔” پر 19 مارچ 2023 کو احمد ایجوکیشنل اکیڈمی ہال فتح پور میں منعقد ہوگی۔

Recommended