Urdu News

حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں توہین رسالت کا قانون لائے: سید محمد اشرف کچھوچھوی

حکومت پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں توہین رسالت کا قانون لائے: سید محمد اشرف کچھوچھوی

نئی دہلی، اجمیر24نومبر (انڈیا نیرٹیو)

چشتی منزل جھالرہ اجمیر شریف میں آل انڈیا علماء  و مشائخ بورڈ کے بانی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین سید محمد اشرف کچھوچھوی اور بورڈ کے جوائنٹ سکریٹری اور درگاہ اجمیر شریف کے صدرسلمان چشتی نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت سے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے دوران توہین رسالت کا قانون لانے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس موقع پر مولانا کچھوچھوی نے جب صحافیوں کی جانب سے اتر پردیش شیعہ سنٹرل وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے سخت لہجے کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ایسے گھٹیا آدمی کے خلاف فوری کارروائی کرنی چاہیے، اسے کھلی ہوا میں سانس  لینے کا کوئی حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی نے نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر اس شخص کو ٹھیس پہنچائی ہے جو انصاف پسند ہے۔

مولانا نے کہا کہ صرف نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارے میں ہی نہیں بلکہ جو بھی کسی مذہب کے پیشوا کی شان میں  گستاخی کرے اسے سزا دی جائے اور توہین رسالت کا قانون پارلیمنٹ سے پاس کیا جائے۔ قانون بننے کے بعد کوئی بھی   ایسی حرکت کرنے کی جرات نہیں کرے گا اور اگر کرے گا تو اسے سخت قانون کے ذریعے سزا دی جائے گی، ایسے لوگوں کو کم از کم 10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا قانون میں رکھی جائے۔

Recommended