Urdu News

لتا منگیشکر کا غیر ملکی مشہورہستیوں کو جواب، کہا ہندستان ایک قابل فخر قوم ہے، اپنے مسائل خود حل کر سکتے ہیں

ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر

کسانوں کی تحریک کو پاپ گلوکارہ ریحانہ کی حمایت کے بعد  پوری دنیا میں ہلچل سی مچ گئی ہے۔ ملک و بیرون ملک کی بہت ساری مشہور شخصیات اس پر اپنے ردعمل کا اظہار کررہی ہیں۔ کئی مشہور شخصیات نے ان کی حمایت کی ہے اور کچھ نے اس پر اعتراضات بھی اٹھائے ہیں۔ اجے دیوگن، اکشے کمار، کرن جوہر سمیت متعدد مشہور شخصیات نے بیرون ملک کی مشہور ہستیوں  کی مخالفت کی ہے اور اب اس میں ایک اورنام ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر کا جڑ گیا ہے۔

 لتا منگیشکر نے بین الاقوامی مشہور شخصیات کی طرف سے کسان تحریک کی حمایت کرنے کے لیے ہیش ٹیگ انڈیا ٹوگیدر اور ہیش ٹیگ انڈیا اگینسٹ پروپیگنڈہ  کے ساتھ ٹویٹر پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ

 ’’ہندستان ایک قابل فخر قوم ہے اور ہم سب ہندستانی اس پر فخر کرتے ہیں۔ایک  ہندستانی کے طو رپرمجھے پختہ یقین ہے کہ کو ئی  بھی مسئلہ جو ملک کے سامنے ہے، ہم اپنے عوام کے مفادات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے، ان کے پرامن حل کے اہل ہیں۔ جے ہند۔‘‘

سوشل میڈیا پر لتا منگیشکر کے اس بیان کی کئی مشہور شخصیات حمایت کر رہی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سے پہلے اکشے کمار،اجے دیوگن اور کرن جوہر سمیت بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے بھی اپنے مداحوں سے  کسان تحریک کے بارے میں کئے جا رہے پروپیگنڈے سے دور رہنے کا مشورہ دیاتھا۔

Recommended