Urdu News

جذبہ ابراہیمی کے ساتھ قربانی کے عمل کو پورا کریں: قمر مصباحی

بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر قمر مصباحی

قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے جو امت محمدیہ کے لیے باقی رکھی گئی ہے اور ہمارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو قربانی کرنے کا حکم دیا گیا اس لیے ہر صاحب نصاب مسلمان مرد وعورت پر قربانی واجب قرار دیا گیا ہے اور واجب ہونے کے باوجود قربانی نہ کرنے والوں سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے بلکہ اسے عید گاہ سے بھی دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس لیے ہر صاحبِ نصاب مسلمان کو چاہیے کہ خدا اور رسول کو راضی کرنے کے لیے خلوص نیت کے ساتھ جانوروں کی قربانی پیش کریں۔یہ باتیں بہار اسٹیٹ اردو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے ریاستی صدر قمر مصباحی نے صحافیوں سے اپنی خصوصی ملاقات کے دوران کہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اللہ تعالیٰ کے پاس مومن کا صرف اور صرف تقویٰ پہنچتا ہیجو قربانی کرنے والوں کی نیت پر موقوف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک قربانی کے ایام میں قربانی سے بہتر کوئی عمل نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ اخلاص کے ساتھ قربان کیے جانے والے جانوروں کے خون کا قطرہ زمین پر گرنے سے پہلے رب کائنات اسے قبولیت کا درجہ عطا کردیتاہے۔

قمر مصباحی نے کہا کہ جس جذبہ اور خلوص کے ساتھ حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت اسماعیل علیہما السلام نے رب کو راضی کرنے کے لیے اپنے آپ کو پیش کیا اس پر عمل درآمد یقینا ہماری خوش نصیبی اور اصل کامیابی ہے۔

Recommended