Urdu News

جنت البقیع میں ہوئےظلم کےخلاف سب مل کرآوازاٹھائیں:سیدمحمداشرف کچھوچھوی

جنت البقیع میں ہوئےظلم کےخلاف سب مل کرآوازاٹھائیں:سیدمحمداشرف کچھوچھوی

 ورلڈ صوفی فورم نے اقوام متحدہ سمیت او آئی سی کو خط لکھا

 9 اپریل 2023، اتوار، مدینہ، سعودی عرب

 آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے قومی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی نے پوری دنیا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مدینہ کے جنت البقیع قبرستان میں ٹوٹی پھوٹی قبروں اور گنبدوں کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی حکومت پر دباؤ بنائیں کہ وہ مدینہ منورہ میں واقع جنت البقیع قبرستان میں توڑے گئے گنبد اور قبریں دوبارہ تعمیر کروائے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے یہ ایک حساس مسئلہ ہے۔

 حضرت نے کہا کہ یہ مطالبہ پچھلے 100 سال سے جاری ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اس پر عمل کر دیا جانا جائے کیونکہ مدینہ میں روضہ رسول کے بعد اسلام کی سب سے محترم شہزادی حضرت فاطمہ کے ساتھ نواسہ رسول حضرت امام حسن، حضرت امام زین العابدین، حضرت امام محمد باقر اورحضرت امام جعفر صادق علیہم السلام کے ساتھ صحابہ کرام کی قبریں موجود ہیں، جسے بنیاد پرستوں نے سنہ 1806 میں توڑ دیا تھا، جس کے بعد اسے 1923 میں آل سعود اور بنیاد پرست وہابی تحریک نے دوبارہ بے حرمتی کی اور مزارات توڑے۔

اس وقت سے پوری دنیا میں لوگ اس کی تعمیر نو کے لیے احتجاج کرتے آ رہے ہیں یہاں تک کہ اب اس واقعے کو 100 سال ہونے کو آ گئے، اس لیے اب وقت آگیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے اس دکھ کو دور کیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ ورلڈ صوفی فورم کی جانب سے اس سلسلے میں ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے  اقوام متحدہ سمیت اسلامی ممالک کی تنظیم (او آئی سی) کو ایک ڈیمانڈ لیٹر بھیجا گیا ہے اور حکومت ہند سے بھی آل انڈیا علماو مشائخ بورڈ نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ہند سعودی حکومت سے بات کر ہندوستانی مسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کرے اور سعودی حکومت پر دباؤ ڈالے کہ وہ جنت البقیع قبرستان میں توڑے گئے گنبدوں اور مزاروں کو دوبارہ تعمیر کرائے۔

فورم کے رکن 37 ممالک کے نمائندوں نے اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے اپنے اپنے ممالک کی حکومتوں سے اس سلسلے میں کوششیں کرنے کے لیے خط و کتابت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ فورم نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اگر سعودی حکومت اسے نہیں بنانا چاہتی تو ہمیں اجازت دے ہم پیسے جمع کر کے یہ کام کرنے کو تیار ہیں۔

 آل انڈیا علما مشائخ بورڈ نے بھی تمام مسلم تنظیموں سے اس مسئلہ پر اکٹھے ہونے کی اپیل کی اور یہ بھی کہا کہ یہ مسئلہ اصلی اور نقلی صوفیوں کا لٹمس ٹیسٹ بھی ہے کیونکہ کچھ لوگوں نے اچانک خود کو صوفی کہنا شروع کر دیا اور خود کو بنیاد پرست وہابی تحریک سے الگ کر لیا۔ اب موقع ہے کہ وہ بھی اس معاملے پر آواز اٹھائیں ۔

Recommended