Urdu News

کتابوں کے بغیر کوئی بھی زبان زندہ نہیں رہ سکتی ہے :ایس ایم خان

کتابوں کے بغیر کوئی بھی زبان زندہ نہیں رہ سکتی ہے :ایس ایم خان

اردو اکادمی،دہلی کا سالانہ جلسۂ تقسیم انعامات برائے کتب 20۔2019کا انعقاد

اردو اکادمی دہلی کی جانب سے اکادمی کے قمر رئیس سلور جبلی آڈیٹوریم، کشمیری گیٹ، دہلی میں سالانہ جلسہ تقسیم انعامات برائے کتب 20۔2019کی پروقار تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ جس میں منتخب کتابوں کے مصنفین کو انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی دور درشن نیوز کے سابق ڈائریکٹر جنرل ایس ایم خان نے شرکت کی۔

ایس ایم خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ہی اہم تقریب ہے کیوں کہ کتابوں کی بہت اہم حیثیت ہے۔ کتابوں کے بغیر کوئی بھی زبان زیادہ عرصے تک زندہ نہیں رہ سکتی ہے۔ اردو بولنے اور اردو پڑھنے والوں کے لیے یہ پروقار تقریب قابل ستائش ہے۔ اردو اکادمی کی کارکردگی کو بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اردو قارئین کا اہم مسئلہ ہے۔

پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کی کتاب’’ اردو شاعری‘‘ پر اردو اکادمی نے ایوارڈ سے نوازا

اردو اکادمی کو اردو کی ریڈرشپ اورمارکیٹنگ پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے۔کیوں کہ جو لوگ پڑھنا چاہتے ہیں ان قارئین تک کتابیں پہنچ بھی نہیں پاتی ہیں۔ انہوں نے سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کی مثال پیش کرتے ہوئے کہاکہ وہ کتابیں خرید کرپڑھا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ مفت میں ملنے والی کتابیں پڑھی نہیں جاتی ہیں، لہٰذاہمیں چاہیے کہ کتابیں خریدی جائیں اور پڑھی جائیں۔

پروگرام کی صدارت اردو اکادمی دہلی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ میں وزیر اعلی اروند کیجریوال اور نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیوں کہ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں ہی اس پروقار تقریب کا انعقاد ممکن ہوسکا۔

اردو اکادمی دہلی کیسکریٹری محمد احسن عابد نے خیر مقدمی کلمات پیش کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگ واقف ہیں کہ اردو اکادمی دہلی اچھی کتابوں پر انعامات دیتی ہے، اسی ضمن میں اس پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جناب ایس ایم خان کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں ہے ، آپ کی شفقت ہمیں ہمیشہ حاصل رہی ہے۔انھوںنے انعامات کی تفصیل کا ذکر کیا اور بتایا کہ اکادمی کے یہ انعامات تین زمروں میں دیے جاتے ہیں اول ، دوم اور سوم۔ اس سال 7 کتابوں کو پہلا انعام اور14کتابوں کو دوسرا انعام اور 11کتابوں کو تیسرا انعام پیش کیا گیا ہے۔

 جلسہ میں جن مصنفین کو ان کی منتخب کتابوں پر نقد انعامات، اکادمی کا نشان اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے، ان میں’وقارِ افکار، وقار مانوی،’شعرونثرکی جمالیات‘، ڈاکٹر تابش مہدی،’سفینۂ افکار‘،ڈاکٹر ابرار رحمانی،’سیرِ ملکِ اودھ‘ ڈاکٹر مظہر احمد،’مرگِ انبوہ‘، مشرف عالم ذوقی(مرحوم)۔’انتسام ادب‘ڈاکٹر سید کلیم اصغر،’مقدماتی ادب‘ڈاکٹر خالد مبشر،’محشرِخیال‘ڈاکٹر احمد علی برقی اعظمی (مرحوم)،’کمائی میری‘ طالب رامپوری،’اردو شاعری‘پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، ’اردو نشریات مسائل اور امکانات‘ڈاکٹرمحمد شکیل اختر،’مرزا سلامت علی دبیر‘ ڈاکٹر سیدرضا حیدر(مرحوم)،’شمیمۃ الوردہ(قصیدہ بردہ)‘ محمد ذکیر الدین ذکی، ’اصطلاحاتِ تصوف اور فارسی ادب‘،چودھری سلطان الدین،’مفید کیڑوں کی دنیا‘ ڈاکٹر ایم۔ رحمت اللہ،’ہندوستان کا تہذیبی اور ثقافتی منظرنامہ‘ ڈاکٹرشاہد اختر انصاری، ’صریر خامہ‘ڈاکٹر سلمان فیصل، ’خواتین افسانہ نگار(ابتدا سے1947تک)‘عمران عاکف خان،’اختر انصاری کی غزل تنقید: ایک مطالعہ‘ محمد ریحان،’ڈاکٹر نگہت نسیم کی افسانہ نگاری‘  مہوش نور،’ندا فاضلی: حیات و جہات‘محمد یوسف رضا، ’عوامی ترسیل:اصول و نظریات‘ ڈاکٹر احمد خاں،’کاوش‘ ڈاکٹر مہتاب جہاں،’قوس وقزح‘ سید ساجد علی ٹونکی،’دلی جو ایک شہر ہے‘ ظفر انور،’کشمکش‘ محب اللہ قاسمی،’اردو میں مستعمل ضرب الامثال‘ ڈاکٹر عبدالناصر،’یہ دنیا رنگ برنگی‘معصوم زہرا،’عکسِ دل‘ صبا عزیز، ’تعلیم کے بغیر زندگی ادھوری‘زیبا خواجہ،’بند دریچے‘ سائرہ عظیم، ’کھیل کھیل میں‘ثنا اسد اور ’’منشی نول کشور انعام برائے بہترین ناشر‘‘ کے لیے ایجوکیشنل پبلشنگ ہاؤس،دہلی کے نام شامل ہیں۔

تقسیمِ انعامات میں شرکا کی جم غفیر

جلسہ میں بڑی تعدادمیں ادبا و شعرا کے علاوہ اردو اکادمی دہلی کی گورننگ کونسل کے اراکین میں محمد مستقیم خان،ڈاکٹر جاوید رحمانی،اسرار قریشی، نفیس منصوری اور حاجی منے   نے بھی شرکت کی۔

Recommended