Urdu News

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے حج 2022 کا اعلان کیا

اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی

 

حج 2022 کےلئے آن لائن درخواستیں دینے کا عمل آج یکم نومبر 2021 سے شروع ہوگیا۔ اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب مختار عباس نقوی نے آج ممبئی میں حج ہاؤس میں یہ اعلان کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ حج 2022 قابل ذکر اصلاحات اور مزید سہولیات کے ساتھ کیا جارہا ہے۔

سفر حج کا اعلان کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ حج کا تمام تر عمل سوفی صد آن لائن ہوگا۔ لوگ آن لائن یا جدید ترین سہولیات والے حج موبائل ایپ کے ذریعہ درخواستیں دے سکتے ہیں۔ حج 2022 کے لئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 جنوری 2022 ہے ایپ کو ’’حج ایپ ان یورہینڈ‘‘ کی ٹیگ لائن کے ساتھ جدید طرز کا بنایا گیا ہے۔ اس میں کئی نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں مثلاً عموماً پوچھے جانے والے سوالات،درخواست فارم بھرنے کی معلومات اور فارم بھرنے کےلئے سادہ اور آسان انداز میں معلوماتی ویڈیو۔

ووکل فارلوکل

وزیر موصوف نے کہا کہ اس مرتبہ ہندوستانی عازمین حج’’ووکل فار لوکل‘‘کو فروغ دیں گے جو دیسی اشیاء کے ساتھ حج کے سفر پرجائیں گے۔ اس سے پہلے عازمین حج سعودی عرب میں غیر ملکی کرنسی میں چادریں ، تکئے، تولئے، چھتریاں اور دیگر اشیاء خریدتے تھے۔ اس مرتبہ یہ زیادہ تر دیسی چیزیں ہندوستان میں اور ہندوستانی کرنسی کا استعمال کرکے خریدی جائیں گی۔ ہندوستان میں یہ چیزیں سعودی عرب کے مقابلے تقریبا پچاس فی صد کم پیسے میں دستیاب ہوں گی اور اس سے ’سودیشی‘اور ’ووکل فارلوکل‘ کو بھی فروغ ملے گا یہ تمام اشیاء عازمین حج کو ہندوستان میں ان کی روانگی کے مقام پر دی جائیں گے۔

جناب نقوی نے کہا کہ دہائیوں سے عازمین حج یہ اشیاء سعودی عرب میں غیر ملکی کرنسی میں خریدتے آئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان میں سے زیادہ تر اشیاء ہندوستان میں بنی ہوئی ہوتی تھیں جو مختلف کمپنیاں ہندوستان سے خریدتی تھیں اور سعودی عرب میں عازمین حج کو دوگنا بلکہ تین گنا قیمتوں پر فروخت کرتی تھیں۔ جناب نقوی نے کہا کہ ایک انداز ے کے مطابق اس بندوبست سے ہندوستان عازمین حج کے کروڑوں روپیوں کی بچت ہوگی۔ ہندوستان سے ہرسال دو لاکھ عازمین حج جاتے ہیں۔

انتخاب کووڈ-19 کی مکمل ٹیکہ کاری پر مبنی

جناب نقوی نے کہا کہ عازمین حج کا انتخاب ویکسین کی دونوں خوراکوں کی تکمیل پر مبنی ہوگا اور اس میں سفر حج 2022 کے دوران کووڈ-19 پروٹوکول کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہندوستان اور سعودی عرب کی حکومتوں کے وضع کردہ رہنماخطوط پر پوری طرح سے عمل کیا جائے گا۔

جناب نقوی نے کہا کہ حج 2022 کا پورا عمل اقلیتی امور کی وزارت ،وزارت صحت ، وزارت خارجہ، شہری ہوابازی کی وزارت، حج کمیٹی آف انڈیا، سعودی عرب میں ہندوستانی سفارتخانے اور جدہ میں ہندوستانی قونصل جنرل اور دیگر ایجنسیوں کے مابین تبادلہ خیال اور صلاح ومشورہ کے بعد اور عالمی وباء کی آزمائشوں کے تمام پہلوؤں کو دھیان میں رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

حج 2022 کے  10 مقاماتِ روانگی

جناب نقوی نے کہا کہ حج 2022 کے لئے روانگی کے مقامات کو 21 سے کم کر کے 10 کر دیا گیا ہے۔ حج 2022 کے لئے 10  مقاماتِ رونگی دہلی، ممبئی، کولکتہ، احمد آباد، حیدرآباد، بنگلورو، لکھنؤ، کوچین، گوہاٹی اور سری نگر ہوں گے۔

1۔دہلی امبارکیشن پوائنٹ دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، چندی گڑھ، اتراکھنڈ، راجستھان اور اتر پردیش کے مغربی اضلاع کا احاطہ کرے گا۔

2۔ممبئی مہاراشٹرکے علاوہ  گوا، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، دمن اور دیو، دادرا اور نگر حویلی کا احاطہ کرے گا۔

3۔کولکتہ مغربی بنگال، اڈیشہ، تریپورہ، جھارکھنڈ اور بہار کا احاطہ کرے گا۔

4۔احمد آباد پورے گجرات کا احاطہ کرے گا۔

5۔بنگلورو پورے کرناٹک اور آندھرا پردیش کے چتور ضلع کا احاطہ کرے گا۔

6۔حیدرآباد آندھرا پردیش اور تلنگانہ کا احاطہ کرے گا۔

7۔لکھنؤ اتر پردیش کے مغربی حصوں کو چھوڑ کر ریاست کے تمام حصوں کا احاطہ کرے گا۔

8۔کوچین کیرالہ، لکشدیپ، پڈوچیری، تمل ناڈو اور انڈمان اور نکوبار کا احاطہ کرے گا

9۔گوہاٹی آسام، میگھالیہ، منی پور، اروناچل پردیش، سکم اور ناگالینڈ کا احاطہ کرے گا۔

10۔سری نگر جموں-کشمیر اور لیہہ-لداخ-کرگل کا احاطہ کرے گا۔

 

تمام عازمینِ حج کے لیے ای-مسیحا

جناب نقوی نے کہا کہ تمام عازمین حج کو ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ، "ای-مسیحا" صحت کی سہولت اور "ای-لگیج پرای ٹیگنگ"  فراہم کی جائے گی جس میں  مکہ اورمدینہ میں قیام/نقل و حمل سے متعلق تمام معلومات فراہم کی جائے گی۔

جناب نقوی نے کہا کہ 3000 سے زیادہ جن خواتین نے بغیر محرم (مرد ساتھی) زمرے کے تحت حج 2020 اور 2021 کے لئے درخواستیں دی تھیں، ان کی درخواستیں حج 2022 کے لئے بھی اہل ہوں گی اگر وہ حج 2022 کا سفر کرنا چاہتی ہیں۔ دوسری خواتین بھی "محرم کے بغیر" زمرے کے تحت حج 2022 کے لئے درخواستیں داخل کر سکتی ہیں۔ "محرم کے بغیر" والے زمرے کی تمام خواتین لاٹری سسٹم سے مستثنیٰ ہوں گی۔

ممبئی میں سعودی عرب کے شاہی نائب قونصل جنرل عزت مآب محمد عبدالکریم العنزی؛ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کی جوائنٹ سکریٹری  محترمہ نگار فاطمہ؛ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او محمد یعقوب شیخ اور دیگر سینئر افسران  اس موقع پر موجود تھے۔

 

حج موبائل ایپ یہاں سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے:https://play.google.com/store/apps/details?id=com.hajapp.hcoi

سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے فراہم کردہ حج سے متعلق خدمات تک یہاں رسائی حاصل کی جا سکتی ہے:https://www.haj.gov.sa/en/InternalPages/Details/10234


Recommended