Urdu News

انجمن مصباح البیان کے زیراہتمام مدرسہ جامعہ عربیہ نورالعلوم زیدپورمیں سالانہ جلسہ کاانعقاد

انجمن مصباح البیان کے زیراہتمام مدرسہ جامعہ عربیہ نورالعلوم زیدپورمیں سالانہ جلسہ کاانعقاد

نمایاں مقام حاصل کرنے والے طلباکو انعامات سے نواز گیا

زیدپور،بارہ بنکی(ابوشحمہ انصاری)

بلا شبہ تعلیم وہ بنیادی اینٹ ہے جس پر صالح معاشرے اور ملک و ملت کی پوری عمارت کھڑی ہے کسی بھی قوم اور طبقہ کی ترقی کا پہلا زینہ تعلیم ہے تاریخ میں جن لوگوں نے اقوام عالم پر برتری حاصل کی اور پوری دنیا میں اپنی طاقت کا احساس دلایا ان کی بنیاد اور اصل سبب تعلیمی میدان میں سبقت ہے مذکورہ خیالات کا اظہار مدرسہ جامعہ عربیہ نورالعلوم زیدپور میں انجمن مصباح البیان کے زیر اہتمام سالانہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم تعلیمات مولانا محمد اسجد ندوی نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ایک شخص کا اولین فریضہ ہے کہ وہ سب سے پہلے قرآن و حدیث اور دینی علوم و فنون حاصل کرے تاکہ خدا اور اس کے رسولﷺ کی معرفت حاصل ہو اور مقصد حیات کی طرف اس کا سفر آسانی سے طے ہوسکے کیونکہ حضورﷺ کے طریقوں کے مطابق و قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا رہنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔

پرنسپل مدرسہ مفتی حفیظ الرحمٰن قاسمی نے کہا کہ مبارک باد کے مستحق ہیں ایک نشست میں پورا قرآن سنانے والے بچے اور ان بچوں کے اہل خانہ و ذمہ داران اور خصوصاً انکے اساتذہ جن کی ہمہ تن محنت و جفاکشی کا ثمرہ کھل کر سامنے آیا وہیں تمام طلبہ کو مزید حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر طالب علم کو ان بچوں کی طرح اپنے اندر حوصلہ،ہمت و جذبہ پیدا کرنا چاہیے۔

قاری محمد عثمان ندوی نے کہا کہ آج امت مسلمہ میں ارتداد کی جو لہریں چل رہی ہے وہ مدارس اسلامیہ سے دوری اور علم دین سے مہجوری کا نتیجہ ہے آج کے دور میں تو لازم ہے کہ ہر گھر کا کوئی نہ کوئی بچہ مدارس اور علماسے وابستہ رہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فتنہ ارتداد سے اپنی نسلوں کو بچانے کے لئے اپنے بچوں کو مکتب کی تعلیم دینا وقت کا اہم ترین تقاضا ہے آج ہم اپنے بچوں کو دین ایمان سکھائیں گے کل یہی بچے ہمارے لئے دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کریں گے۔

مولانا امتیاز الحق قاسمی نے کہا کہ آج دنیا میں جتنی بھی کتابیں ہیں ان تمام کتابوں میں سب سے افضل ترین اور سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب صرف اور صرف قرآن مجید ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے کہ جسکا جتنا تعلق قرآن سے ہوگا اتنا ہی اللہ تعالیٰ اسے دنیا و آخرت میں کامیاب کریں گے اور جو شخص قرآن اور قرآنی تعلیمات سے انحراف کرے گا تو یقینا ایسا شخص خسارہ اٹھائے گا۔

اس موقع پر مختلف درجات عربی فارسی،شعبہ قرآت،حفظ و ناظرہ میں اول دوم سوم مقام حاصل کرنے والے طلبا کو انعامات سے نواز کر حوصلہ افزائی کی گئی وہیں محمد اسعد بن محمد احمد،محمد عثمان بن محمد آفاق،محمد زید بن محمد اسلام نے بالترتیب اپنے مشفق استاذ قاری عبد الرحیم دریابادی کو اور ابوریان بن محمد عارف نے مولانا محمد ابصار ندوی کو ایک نشست میں پورا قرآن مجید سنا کر مدرسہ،اساتذہ اور والدین کا نام روشن کیا،ان چاروں طلباء کو معزز شخصیات کے ہاتھوں خصوصی انعامات سے نواز کر علما کے بدست دستار بندی بھی عمل میں آئی۔

منیجر مدرسہ ہذا حاجی ضیاء الرحمن انصاری کی زیر صدارت و مولانا اسجد ندوی کی زیر نظامت ہونے والے جلسہ کا آغاز قاری مدثر دریابادی کی تلاوت و محمد طارق کی نعت پاک سے ہوا۔

اس موقع پر حاجی شعیب انصاری،مولانا جمال قاسمی،قاری محمد نسیم فرقانی،قاری حسرت علی ندوی،حافظ محمد امتیاز،ماسٹر محبوب،حافظ محمد الماس،حاجی آمین انصاری،مولانا محمد قاسم،ماسٹر عبد المعید،ماسٹر نبی اللہ،محمد ریحان کے علاوہ بستی کی معزز شخصیات و مدرسہ کے اساتذہ،طلبا موجود رہے۔

جلسہ کا اختتام مفتی حفیظ الرحمٰن قاسمی کی دعا پر ہوا۔

Recommended