Urdu News

پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین کو اردو اکادمی دہلی نے ایوارڈ سے نوازا

سابق ڈائریکٹر قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، چیئرمین ورلڈ اردو ایسوسیشن، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین

جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے ہر دل عزیز استاد، ملک کے ممتاز نقاد اور دانشور پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین (خواجہ اکرام) کو دہلی اردو اکادمی نے اپنے پر وقار ایوارڈ برائے تحقیق و تنقید سے نوازا ہے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا جو کہ اردو اکادمی کے چیئرمین بھی ہیں، نے ان ایوارڈس کا اعلان کیا ہے۔اردو اکادمی ، دہلی کے سالانہ ایوارڈز سال 2019-20اور 2021-22کا اعلان حکومتِ دہلی کی طرف سے کیا گیا  ۔ پروفیسر خواجہ اکرام ہندوستان کے مشہور تعلیمی ادارہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی نئی دہلی میں اردو زبان و ادب کے پروفیسر ہیں۔ وہ حکومت ہند کے سب سے بڑے اردو ادارہ قومی کونسل برائے فروغ اردو کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ پروفیسر خواجہ اکرام ورلڈ اردو ایسو سی ایشن کے چیئرمین ہیں۔ وہ دنیا بھر میں اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔ انھوں نے سیکڑوں کی تعداد میں اردو کے آن لائن پروگرام کئے ہیں۔ انھیں ”عالمی سفیر اردو“ کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔ نئی ٹکنالوجی سے اردو کو جوڑنے کے لیے پروفیسر خواجہ اکرام کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان تمام علمی و ادبی مصروفیات کے ساتھ ساتھ پروفیسر خواجہ اکرام ہمہ وقت تصنیف و تالیف کے کام میں بھی منہمک رہتے ہیں۔ ان کی تحقیقی و تنقیدی نگارشات کو بھی اہل علم نے قدر کی نگاہوں سے دیکھا ہے۔ وہ کئی اہم کتابوں کے مصنف و مرتب ہیں۔ ان کی چند کتابوں کے کئی ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں ۔ان کی  متعدد کتابیں ہندستان اور بیرون ممالک   یونیورسٹیز میں شامل نصاب ہیں۔ انھوں نے سفر نامے بھی لکھے ہیں۔ ساتھ ہی وہ آن لائن ادبی میگزین ”ترجیحات“ کے بانی مدیر ہیں۔ پروفیسر خواجہ اکرام کو اس سے پہلے بھی کئی اہم انعامات و اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

پروفیسر خواجہ اکرام کو اردو اکادمی، دہلی کا ایوارڈ ملنے پر علمی و ادبی حلقے میں خوشی کا ماحول ہے۔ ممتاز شاعر و ادیب ناصر عزیز ایڈوکیٹ نے خواجہ اکرام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ صاحب کو ملنے والے اس ایوارڈ سے کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔خواجہ اکرام جس طرح رات دن اردو زبان و ادب کی خدمت میں منہمک رہتے ہیں وہ کم لوگوں میں دیکھنے کو ملتا ہے۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں اردو ماس میڈیا کے انچارج، آل انڈیا ریڈیو کے سابق آفیسر ڈاکٹر توحید خان نے کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے تعلق سے پروفیسر خواجہ اکرام کا جنون قابل دید ہے۔جدید ٹکنالوجی کو اردو سے ہم آہنگ کرنے میں پروفیسر خواجہ اکرام نے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اسی کے ساتھ جے این یو کے ریسرچ اسکالرز نے بھی خواجہ اکرام کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ڈاکٹر محمد رکن الدین، ڈاکٹر مہوش نور، ڈاکٹر امتیاز رومی، ڈاکٹر لیاقت علی،  شہباز رضا، لیاقت رضا، مشتاق صدیقی، جلیل اقبال خاکی اور محمد حسین شیرانی وغیرہ نے پروفیسر خواجہ اکرام کو دہلی اردو اکادمی کا ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور انھیں مبارک باد پیش کیا۔     

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ و دہلی اردو اکادمی کے چیئرمین منیش سسودیا نے گورننگ کونسل کے ممبران اور مختلف اردو اداروں کی آراء کی روشنی میں اکادمی کے سالانہ ایوارڈس کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ایوارڈس کی اطلاع اردو اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور سیکریٹری محمد احسن عابد کے ذریعے جاری کی گئی۔

Recommended