Urdu News

ویکسی نیشن مہم کو ملک گیر سطح پر آگے بڑھانے کے لئے پدم شری کیلاش کھیر کے نغمے کا اجرا

معروف گلوکار پدم شری کیلاش کھیر

 ملک گیر سطح پر ویکسینیشن مہم کو آگے بڑھانے کے لئے معروف گلوکار پدم شری کیلاش کھیر کے ایک سمعی و بصری نغمے کا آج پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر جناب ہردیپ سنگھ پوری اور وزیر صحت و خاندانی بہبود جناب من سُکھ مانڈویہ نے اجرا کیا۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم اور قدرتی گیس جناب رامیشور تیلی، سکریٹری پی این جی جناب ترون کپوراور وزارت اور آئل اینڈ گیس کے سرکاری زمرے کے اداروں کے اعلیٰ افسران بھی اس تقریب میں موجود تھے جس کا انعقاد روایتی اور غیر روایتی دونوں طریقے سے کیا گیا تھا۔ یہ نغمہ آئل اینڈ گیس کے سرکاری زمرے کے اداروں نے تیار کیا ہے۔

 

اس موقع پر اپنے خطاب میں جناب پوری نے کہا کہ ہندستان اگلے ہفتے 100 کروڑ ویکسین کا نشانہ پار کرنے جا رہا ہے۔ مارچ 2020 میں جب ملک میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اس وقت ہندستان پی پی ای کٹس، وینٹی لیٹرز اور دیگر مطلوبہ طبی سامان کی درآمد پر منحصر تھا لیکن ایک مختصر عرصے میں  ہم ان تمام چیزوں کو مقامی طور پر تیار کرنے کے قابل ہو گئے  اور اب ہم کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لئے بہتر طور پر تیار ہیں۔ یہ ہم سب کی شراکت اور وزیر اعظم کی بصیرت افروز قیادت کی وجہ سے ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ جو لوگ منفی بیانیہ سامنے لانے کیلئے کوشاں رہے وہ ناکام ہوئے اور کوویڈ کے خلاف جنگ نے ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر لی۔ انہوں نے کہا کہ وائرس ایک دشمن ہے  اور اس سے لڑنے کے لئے  سب نے ہاتھ  ملایا۔ جناب پوری نے کہا کہ گلوکار لوگوں کے تخیل کو گرفت میں لا سکتے ہیں اور جناب کھیر کا یہ نغمہ خرافات کو دور کرنے اور ویکسینیشن کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

مسٹر مانڈویہ نے کہا کہ ملک میں 97 کروڑ سے زائد ویکسینیشن دیدی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام نے دیسی ویکسین تیار کرنے میں ہمارے سائنسدانوں، محققین اور طبی برادری پر اعتماد (سب کے وشواس)  کا اظہار کیا۔اور پھر سب کی کوششوں (سب کے پریاس) کی وجہ سے ہم ملک کے ہر کونے میں ویکسین پہنچانے اور اتنے مختصر وقفے مین اتنی بڑی تعداد میں ویکسین لگانے کا بڑا کام انجام دینے میں کامیاب ہوئے۔

جناب  کیلاش کھیر نے کہا کہ موسیقی صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ اس میں دوسروں کو متحرک کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان ایک عظیم ملک ہے جس کی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کو دنیا تسلیم کرتی ہے لیکن کچھ غلط فہمیاں ہیں جن کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثر کن گانوں کے ذریعہ اخلاقی مدد کا جذبہ اور بیداری پیدا کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ نغمہ خرافات پرقابو پانے اور ویکسین کی قبولیت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Recommended