علما مشائخ بورڈ کی اپیل ضرورت مندوں میں راشن پہنچایا جائے
آل انڈیا علما و مشائخ بورڈ کے قومی صدر اور ورلڈ صوفی فورم کے چیئرمین حضرت سید محمد اشرف کچھوچھوی نے کہا کہ برکتوں والا مہینہ رمضان المبارک قریب ہے جس کی تیاری ابھی سے ہو جانی چاہئے، رمضان میں جس طرح ہم اپنے لیے سحری و افطار کا اہتمام کرتے ہیں اسی طرح اپنے پڑوسی بھائی کا بھی خیال رکھیں کہیں وہ بھوکا تو نہیں ہے۔
حضرت نے بتایا کہ ملک بھر میں آل انڈیا علماء ومشائخ بورڈ ضرورت مندوں کے گھر رمضان کٹ پہنچائے گی جس سے کوئی بھی فرد سحری و افطار کی وجہ سے روزہ جیسی عبادت سے محروم نہ ہو. انہوں نے کہا کہ رمضان خدا کا ایک عظیم تحفہ ہے جس کی ہمیں قدر ہونی چاہیے، اس پاک مہینے میں اپنے اوپر لازم ذکوۃ کو بھی ادا کریں جو آپ پر فرض ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم جس طرح برائیوں کی طرف بڑھ رہے ہیں اور جدیدیت و ترقی کے نام پر جس طرح فطرت سے ٹکرارہے ہیں اس سے ہمیں اب رک جانا چاہیے، ہم سب کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہئے اور کوشش کرنی چاہیے کہ ہم انسانیت کے خلاف کوئی کام نہ کریں اور اتحاد کا ثبوت پیش کریں۔