Urdu News

باکمال شاعر آڈھا خان

آفتاب سکندر

آفتاب سکندر

خوشاب کے خوش آب نے جہاں اپنی سرزمین کو زمینی خدوخال سے مالا مال کر رکھا ہے. وہیں ادبی حوالے سے باکمال شخصیات پیدا کرکے بھی معروف کر رکھا ہے ۔ جن میں واصف علی واصف، احمد ندیم قاسمی وغیرہ  شامل ہیں۔ آج ہم خوشاب کی ایسی ہی ایک نابغہ روزگار شخصیت پر تحریر قلمبند کرنے جارہے ہیں۔

تاریخ کے اوراق کی ورق گردانی ہمیں بتلاتی ہے کہ گنجیال شہر کو آباد دو برادران نطق اور گوین نے کیا۔ دونوں بھائیوں نے بحکم سرکار یہاں سکونت اختیار کی۔ نطق کی آل نطقال کہلاتی ہے اسی نطقال برادری میں ایک جاگیر دار ملک آڈھا خان نطقال کا جنم ہوا۔ جس کی اولاد آگے آڈھے خیل کہلانے لگی۔

 جاگیر دار آڈھا خان کے پوتے ملک شیر محمد کے ہاں 4اپریل 1944 عیسوی کو ان کے پسر اصغر کا جنم ہوا۔ جس کا نام انہوں نے اپنے دادا کی محبت میں آڈھا خان رکھ دیا۔ استاد آڈھا خان آڈھے خیل کا نام ان کے پردادا کے نام پر رکھا گیا۔

آڈھا خان نے ہشتم جماعت میں پہلا دوہڑا کہا۔ استاد آڈھا خان نے کافی، رباعی اور دوہڑے کی صنف میں طبع آزمائی کی مگر اجابت دوہڑے کی صنف میں پائی۔عطاء اللہ خان کی مطرب رنگیں نوائی نے آڈھا خان صاحب کومشہور روز گار کردیا۔

آڈھا خان صاحب کی عطاء اللہ خان عیسی خیلوی سے ملاقات کا واقعہ بھی دلچسپ ہے۔ جب آڈھا خان صاحب کی اشاعت ایک اخبار میں ہوئی۔ تو ان ایام میں ان کے آبائی مسکن گنجیال میں آپ کے دولت کدے پر دو نوجوان تشریف لائے۔ انہوں نے یوں تعارف کروایا کہ ہمیں عطاء اللہ عیسی خیلوی نے بھیجا ہے۔وہ آپ کا کلام پڑھنا چاہتے ہیں۔عطاء اللہ عیسی خیلوی اس وقت غیر معروف تھے۔

 چنانچہ استاد آڈھا خان صاحب  ان نوجوانوں کو چائے پانی کی غرض سے ایک ہوٹل پر لے گئے۔ وہیں پر ایک نوجوان نے مطلع کیا کہ وہ عطاء اللہ عیسی خیلوی ہے ۔ یوں آڈھا خان صاحب کی اُن سے دوستی ہوگئی۔ یہ تعلقات تادمِ مرگ قائم رہے۔

آڈھا خان صاحب کے پسران کی شادی خانہ آبادی پر عطاء اللہ عیسی خیلوی نے اپنی عقیدت کا کھل کر اظہار کیا. ایک پروگرام میں استاد آڈھا خان صاحب کو اپنا محسن قرار دیا۔ عطاء اللہ عیسی خیلوی استاد آڈھا خان کی خودداری سے بہت متاثر تھے چالیس سے زائد عرصہ پر محیط رفاقت میں عطا اللہ عیسی خیلوی کہتے ہیں کہ آڈھا خان نے آج تک اپنے ذاتی کام کے لیے زحمت نہیں دی۔

 سرائیکی فلم میں گایا جانے والا گیت,, جانی رات رہ پو گالہیں کریسو،، آڈھا خان صاحب کا لکھا ہوا گیت تھا جو خواجہ غلام فرید کے نام سے مشہور ہوا۔آڈھا خان صاحب نے بھی زیادہ شور نہیں ڈالا کیونکہ یہ ان کے لیے باعث افتخار تھا کہ ان کے کلام کو خواجہ غلام فرید کا کلام سمجھا جائے۔

عطاء اللہ عیسی خیلوی کہتے ہیں کہ آڈھا خان کا کلام پڑھتے ہوئے مجھ پر وہی کیفیت طاری ہوتی جو خواجہ غلام فرید کا کلام پڑھتے ہوئے طاری ہوتی۔ استاد سوہنا خان بے وس آڈھا خان کو دوہڑے کا بادشاہ کہتے ہیں۔ عطاء اللہ عیسی خیلوی کے ابتدائی گیت تقریباً سارے استاد آڈھا خان صاحب کے ہی تھے۔

آڈھا خان صاحب پیشہ ورانہ زندگی میں مدرب تھے۔ آپ نے داستان سسی پنوں لکھی. یہ پوری داستان دوہڑوں کی شکل میں لکھی جو بہت مقبول ہوئی۔ تین کیسٹس ریلیز کی گئی۔ یہ داستان عطاء اللہ عیسی خیلوی نے بھی پڑھی. اس کے علاوہ احمد خان ملنگ نے بھی پڑھی۔

آپ کی شہرت کا یہ عالم تھا کہ انشاء پرداز کے دوست جو ائیر فورس میں تھے. سکیسر بیس پر دوران ملازمت ان کی ایک افسر سے ملاقات ہوئی جو آڈھا خان صاحب کے اتنے مداح تھے کہ انہوں نے کھُلی چھٹی دے رکھی بس اتنی گزارش کی جب بھی آڈھا خان صاحب سے ملاقات ہو اُن کو میرا سلام کہنا،حالانکہ انہوں نے آڈھا خان صاحب کو دیکھا تک نہیں تھا بس کلام سن کر فریفتہ ہوئے تھے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آڈھا خان صاحب کا کلام آدمی کو اپنا گرویدہ بنالینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

1983 عیسوی میں آپ نے سعودی عرب روانگی اختیار کی۔ دو ماہ مدینہ منورہ میں گزارے. وہیں پر اپنا نعتیہ کلام مکمل کیا ۔ یہ درود بر حبیبِ خدا’’ میرے آقا ربی رحمت تے برکت دا انعام ہووی‘‘ لکھا جو بہت پُرتاثیر کلام تھا۔ آپ جدی پشتی بریلوی تھے شاہ احمد رضا خان بریلوی سے بہت متاثر تھے۔

محافل میلاد میں شرکت قابلِ فخر سمجھتے، عارفانہ کلام بہت پسند کرتے،عابدہ پروین کی گلوکاری کے دلدادہ تھے۔ آپ کی پہلی کتاب’’رموز عشق‘‘ شائع ہوئی جس میں سسی پنوں کی داستان کے علاوہ سوہنی مہیوال کی داستان شامل تھی۔ حسن اور عشق کے مکالمے پر دوہڑے بھی قابلِ تحسین تھے۔

 انشاء پرداز کے والد الحاج حق نواز آڈھے خیل نے احمد فراز مرحوم کے سامنے حسن اور عشق کے مکالمے پر دوہڑے سنائے تو احمد فراز نے باقاعدہ بحرین سے پاکستان استاد آڈھا خان کو داد و تحسین پیش کرنے کے لیے فون کال کی۔

آپ کے تین مجموعہ ہائے کلام شائع ہوئے جن’’جام عشق‘‘ انتخاب از کلام اور’’ راز و نیاز‘‘شامل ہیں۔ 4مئی 2012 عیسوی کو آپ کا وصال ہوا۔ اللہ رب العزت آپ کی قبر مبارک پر کروڑوں رحمتیں نازل فرمائے آمین۔

Recommended