Urdu News

نیکیوں کا موسم بہار: رمضان المبارک

رمضان المبارک

محمد مصطفیٰ انصاری

نیکیوں ، برکتوں اور عبادتوںکا موسم بہار شروع ہوگیا ہے ۔رمضان المبارک دنیا بھرمیں ایک ارب 80 کروڑ سے زیادہ مسلمان مناتے ہیں،اسے روزے اور روحانیت کا مہینہ سمجھا جاتا ہے۔یہ قرآن پاک کے نزول کا مہینہ بھی ہے۔ یہ مسلمانوں کے لیے نیکیوں کا موسم بہار ہے۔

مسلمان چاند دیکھ کر اپنے قمری مہینے کا آغاز کرتے ہیں۔قمری کیلنڈر 12 ماہ اور 354 یا 355 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔اسلامی ممالک میں جغرافیائی محل وقوع کی بنا پر نئے چاند کی رؤیت میں ایک آدھ دن کا فرق ہوتا ہے۔ عرب ممالک میں جہاں پہلا رمضان المبارک جمعرات 23مارچ 2023سے شروع ہو رہا ہے ، وہیںہندوستان میں ماہ صیام کا پہلا روزہ 24، مارچ 2023 سے شروع ہوگا ۔ ان شاءاللہ

اب جب کہ پاک اور مبارک مہینہ ہم پر سایہ فگن ہونے کو ہے ۔ اب ہم لوگوں پر منحصر ہے کہ اس پاک اور مبارک مہینے سے کتنا فائدہ اُٹھاپاتے ہیں۔ اس کے صیام و قیام و قعود و سجود کی  جو فضیلت ہے وہ ہر سال آپ علما سےسنتےہیں اور اس میں سے بیشتر آپ کو یاد بھی ہوگا۔

رمضان المبارک کی آمد پر ہم سب خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور یہی ہماری سب سے بڑی خوش نصیبی ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں زندگی میں ایک بارپھر رمضان المبارک کا مہینہ نصیب فرمایا ہے۔ ہمارے اور آپ کے  کتنے ایسے احباب ومتعلقین ہوں گے جو پچھلے رمضان المبارک میں ہمارے درمیان تھے، لیکن اس بار  وہ  ہمارے درمیان نہیں ہیں۔ وہ آخرت کی پہلی منزل قبر کی طرف روانہ ہوچکے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ان سبھی کی مغفرت فرمائے اور انھیںاعلیٰ علیین میں جگہ نصیب فرمائے اور ان کی قبروں کو کشادہ اور نور سے بھر دے اور کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔ آمین تقبل یا رب العالمین  ۔

دنیا بھر کے تمام مسلمان، روزہ رکھنے والے مرد اور تمام مسلمان روزہ رکھنے والی عورتیں ، صدقہ وخیرات و زکاۃ ادا کرنے والے مرد اور صدقہ وخیرات وزکاۃ ادا کرنے والی عورتیں، اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کرنے والے مرد اور اللہ تعالیٰ کی فرمانبرداری کرنے والی عورتیں۔

اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والے مرد اور اللہ تعالیٰ سے ڈرنے والی عورتیں،اپنی عزت و آبرو کی حفاظت کرنے والے مرد اور اپنی عزت وآبرو کی حفاظت کرنے والی عورتیں،اللہ تعالیٰ کا ذکر واذکار،دعا و تلاوت کرنے والے مرد اور اللہ تعالیٰ کا ذکر واذکار،دعا وتلاوت وغیرہ کرنے والی عورتیں سبھی خوش نصیب ہیں۔

جو رمضان میں گوناگوں نیکیاں کرتے ہوئے رمضان کی برکتوں، عظمتوں، فضیلتوں اور بےشمار اجر و ثواب کو اپنے دامن میں میں سمیٹ لیتے ہیں اور ذخیرۂ آخرت میں اضافہ کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایمان و ثواب کی امید کے ساتھ رمضان المبارک میں تمام قسم کی نیکیاں کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور رمضان المبارک کو ہماری مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔

Recommended