Urdu News

بدعنوانوں اور دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہونا چاہیے:پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی

بہتر دنیا کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری: پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے دہشت گردی، سائبر کرائم اور بدعنوانی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب خطرات عالمی ہوں تو ردعمل صرف مقامی نہیں ہو سکتا۔ بدعنوانوں اور دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے منگل کو یہاں پرگتی میدان میں 90ویں انٹرپول جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ایک بہتر دنیا کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب قومیں اور معاشرے مطلبی ہوتے جا رہے ہیں، ہندوستان عالمی تعاون کو بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

مقامی فلاح و بہبود کے لیے عالمی تعاون ہمارا مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا”دہشت گردی، بدعنوانی، منشیات کی اسمگلنگ، غیر قانونی شکار اور منظم جرائم، ان خطرات میں تبدیلی کی رفتار پہلے سے زیادہ تیز ہے۔ جب خطرات عالمی ہوں تو ردعمل صرف مقامی نہیں ہو سکتا۔ اب یہی وقت ہے کہ دنیا ان خطرات کو شکست دینے کے لیے ایک ساتھ آئے“۔

کرپشن کو معاشرے کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ بھی ٹیرر فنڈنگ کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی اور مالیاتی جرائم نے کئی ممالک کے شہریوں کی فلاح و بہبود کو نقصان پہنچایا ہے۔

عالمی برادری سے محفوظ پناہ گاہوں کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایک محفوظ دنیا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کرپٹ اور دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کو مزید تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

Recommended