Urdu News

ویکسی نیشن ہی کورونا سے محفوظ رہنے کا اصل ہتھیار ہے: ڈاکٹر خورشید فریدی

ویکسی نیشن

علی گڑھ،04جولائی (انڈیا نیرٹیو)

احتیاط اور ویکسی نیشن ہی کرونا کی تیسری لہر سے محفوظ رہنے کا اصل ہتھیار ہے اس مرض میں مبتلا مریضوں کو خود سے بغیر ڈاکٹر کے مشورے کے ”اسٹرائڈ“ لینا موت کو دعوت دینا ہے۔ مذکورہ باتیں آئی ٹی ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل کے سربراہ ڈاکٹر خورشید فریدی نے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

غورطلب ہے کہ ڈاکٹر خورشید فریدی کووڈکی ممکنہ تیسری لہر سے لوگوں کو بچانے کی مہم میں جٹ گئے ہیں اور لوگوں کو اس بات کے لئے بیدار کر رہے ہیں کہ احتیاط سے ہی تیسری لہر سے بھی خود کو محفوظ رکھا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ پہلی لہر کے مقابلہ دوسری زیادہ خطر ناک تھی اس کے مدنظر تیسری لہر کے اور بھی زیادہ خطرناک و مہلک ہونے کا اندیشہ ہے ڈاکٹر خورشید نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مرضی سے یا کسی کے کہنے پر اسٹرائڈ کا استعمال کبھی نہ کریں جب تک ڈاکٹر مشورہ نہ دیں کیونکہ اس سے جان جانے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے احتیاط کے طور پر تیسری لہر سے لوگوں کو محفوظ کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے کیونکہ ایسا اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تیسری لہر کا اثر بچوں پر زیادہ ہوگا اس لیے ہمارے ہاسپٹل میں (این، ائی، سی، یو) شروع کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹرس و پیرامیڈکل اسٹاف کو بھی اس کے لئے تیار کر دیا گیا ہے ساتھ ہی ہم اسپتال کے اسٹاف کاحوصلہ بڑھا رہے ہیں کہ جس طرح پہلی اور دوسری لہر میں انہوں نے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دیا اسی طرح اگے بھی تیار رہنا ہوگا۔

ڈاکٹر خورشید فریدی کے مطابق تیسری لہر سے محفوظ رہنے کے لیے دو گز دوری ماسک ہے ضروری کے فارمولے پر چلنا ہی ہوگا سبھی کو یہ سوچ کر گھر سے نکلنا ہے کہ کسی بھی صورت میں ماسک نہیں ہٹنا چاہیے اگر یہ احتیاط کر لی گئی تو تیسری لہر سے محفوظ رہا جا سکتا ہے انہوں نے یہ بھی کہا کہ کووڈ کے علامات دکھتے ہی ڈاکٹرس سے رابطہ کر نا چاہیے۔

 اس میں زرا سی بھی لاپرواہی یا کوتاہی خطرناک ثابت ہوگی ڈاکٹر خورشید نے کہا کہ شوگرکے مریض اپنی شوگر کنٹرول رکھنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں کیونکہ کووڈ کی دوسری لہر شوگر کے مریضوں کے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوچکی ہے اس کے ساتھ ساتھ جتنی جلدی ہوسکے ویکسی نیشن کرالیں یہ کووڈ کے خلاف سب سے اہم ہتھیار ہے۔

Recommended