مقامات و کردارکے بغیر ادب کی تخلیق تقریبا ناممکن ہے: پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین
ورلڈ اردو ایسوسی ایشن نے قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان اور ہندوستانی زبانوں کا مرکز جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے اشتراک سے ’اردو ادب میں اہم مقامات و کردار: پس منظر، تاریخی اور تہذیبی اہمیت‘ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد کیا۔ اس سیمینار کی خاص بات یہ رہی کہ پہلے دن کا پروگرام زوم میٹنگ کے ذریعے آن لائن منعقد ہوا جس میں مصر کی مختلف جامعات کے علاوہ ازبکستان اور پاکستان سے اساتذہ نے اپنے مقالات پیش کیے۔ جن میں ڈاکٹر محیا عبدالرحمنوا، پروفیسر جلال حفناوی، ڈاکٹر مروہ لطفی، ڈاکٹر ایمان شکری، ڈاکٹر بسنت شکری، ریحاب مصطفی ، علیا عبدالعظیم، وردۃ سعودی اور ہما شہزادی شامل ہیں۔
دوسرے دن کاپروگرام جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں بحسن و خوبی تکمیل کو پہنچا۔ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کے چیئرمین پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین نے اپنے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور سیمینار کے موضوع کی اہمیت و معنویت پر روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی انھوںنے ورلڈ اردو ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں کا ذکر بھی کیا۔ پروفیسر اوم پرکاش چیئر پرسن ہندوستانی زبانوں کا مرکز، جے این یو کے افتتاحیہ کلمات سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ جب کہ پروفیسر انور پاشا نے انتہائی پر مغز کلیدی خطبہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ زبان و ادب کی بھی اپنی ایک قلمرو ہوتی ہے جہاں اس کی اپنی حکمرانی ہوتی ہے۔ اردو کی تمام اصناف میں کرداروں کی بہتات ہے اور دنیا کے تمام مظاہر موجود ہیں۔ نیز ہماری زبان کا تناظر مقامی بھی ہے اور عالمی بھی۔ پروفیسر شہاب عنایت ملک اور پروفیسر سید شفیق احمد اشرفی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور اس موضوع کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایڈووکیٹ خلیل الرحمن نے کہا کہ کسی بھی زندہ زبان میں ارتقا کا عمل جاری رہتا ہے اور اردو کی خوبی یہ ہے کہ اس کا ارتقائی سفر جاری ہے اور اس کے دامن میں بہت وسعت ہے۔ پروفیسر ابن کنول نے پروگرام کی صدارت فرمائی اور ڈاکٹر محمد رکن الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔
پہلے اور دوسرے سیشن میں مختلف جامعات کے اساتذہ اور اسکالرس مقالہ نگار کی حیثیت سے شریک ہوئے ۔پروفیسر غضنفر علی،پروفیسر ثروت خان، ڈاکٹر سلیم محی الدین، ڈاکٹر سعود عالم، ڈاکٹر محمد حسین، ڈاکٹر امتیاز احمد علیمی، ڈاکٹر نوشاد منظر، ڈاکٹر امیر حمزہ، جناب آلوک کمار اور مشرف رضا نے اس موضوع کے مختلف پہلوؤں پر بہت اہم مقالے پیش کیے۔
پروفیسر غضنفر، پروفیسر خواجہ محمد اکرام الدین، ایڈووکیٹ خلیل الرحمن، پروفیسر ثروت خان اور ڈاکٹر اطہر فاروقی نے صدارت کے فرائض انجام دیے۔ جب کہ پہلے سیشن میں ڈاکٹر مہوش نور نے اور دوسرے میں شہباز رضا نے نظامت کی۔
واضح رہے کہ ورلڈ اردو ایسوسی ایشن نے کورونا اور لاک ڈائون کے عہد میں بھی مسلسل اپنی سرگرمیاں جاری رکھی اور دنیا بھر کے شاعر و ادیب سے اہل اردو کو روشناس کرایا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر اردو زبان و ادب کی بھرپور نمائندگی کی۔ تاہم کورونا کے بعد یہ پہلا آف لائن پروگرام ہے جو طویل عرصے کے بعد منعقد ہوا اور کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع ورلڈ اردو ایسوسی ایشن پریس کے زیر اہتمام شائع شدہ کتاب " کرناٹک میں اردو: ماضی اور حال" کا اجرا بھی عمل میں آیا۔