Urdu News

بارہ بنکی کے قصبہ سعادت گنج میں شاندار والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

بارہ بنکی کے قصبہ سعادت گنج میں شاندار والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد

قصبہ سعادت گنج میں یک روزہ ڈے نائٹ کیپٹن اخلاق کی صدارت ، مولانا فرمان مظاہری ، محمد اصغر انصاری اور راحت حسین کی نگرانی میں آل انڈیا شاندار والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا۔ جس میں صوبہ اتر پردیش کی ٹیموں کے علاوہ پنجاب کی ٹیم نے حصہ لیکر ٹورنامنٹ میں چار چاند لگا دئے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاح سنڈیلہ ہردوئی سے تشریف لائے کاروباری حاجی محمدوسیم انصاری ، اعلیٰ پور بارہ بنکی کے حاجی محمد عمران انصاری اور شہاب الدین انصاری نے مشترکہ طور پر کیا۔

جب کہ مہمانوں کی فہرست میں بنکر ادھیکارسنگٹھن زیدپور بارہ بنکی کے ضلع صدرتفضل حسین انصاری کے علاوہ محمدنیاز پردھان رامپور ، محمدعتیق اچھیچھا ، پون سنگھ ضلع سکریٹری والی بال ، مسیب صدر ضلع والی بال سَنگھ ، جیتو سنگھ ، ابوہریرہ طارق رنگ والے ، حافظ فرقان رامپور کٹرہ نے شرکت کرکے ٹورنامنٹ کی خوبصورتی میں مزید رونق پیدا کردی۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ سلطان پور اور اعظم گڑھ کے بیچ کھیلا گیا جس میں اعظم گڑھ کی ٹیم نے سلطانپور کو شکست دیکر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔ اور دوسرا میچ MSCٹکرا بارہ بنکی اور فیض آباد کے بیچ کھیلا گیا جس میں ٹکرا کی ٹیم نے فیض آباد کو شکست دیکرسیمی فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔

پہلا سیمی فائنل اعظم گڑھ اور کے۔ ڈی۔ سنگھ بابو اسٹیڈیم لکھنؤ اور دوسرا سیمی فائنل MSCٹکرا بارہ بنکی اور بنارس کے مابین کھیلا گیا۔ ان دونوں سیمی فائنلوں میں ٹکرا بارہ بنکی اور کے۔ ڈی۔ سنگھ بابو ا سٹیڈیم کی ٹیموں نے  اپنی جگہ فائنل میں بنائی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ بیسٹ آف فائیو کھیلا گیا۔ جس میں کے۔ ڈی۔ سنگھ بابو اسٹیڈیم لکھنؤ کی ٹیم نے MSCٹکرا عثماں بارہ بنکی کو 3-0 سے شکست دیکر فائنل اپنے نام کرکے فاتح ٹورنامنٹ بنی۔ ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے اپنے اپنے کھیل سے ناظرین سے خوب دادیں وصول کیں۔ سعادت گنج میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں دور دراز سے آئے ہوئے ناظرین کی کثیر تعداد کو ٹورنامنٹ کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جا رہا ہے۔

 فائنل میں کامیاب ٹیم اور اس کے کھلاڑیوں کو تفضل حسین انصاری کے بدست اور فائنل ہاری ہوئی ٹیم کے سبھی کھلاڑیوں کو کلیم چودھری پردھان سعادت گنج اور ابوطلحہ انصاری کے بدست انعامات تقسیم کئے گئے۔ ٹورنامنٹ کی سرپرستی سیٹھ مطلوب انصاری اور سلمان افضال نے فرمائی۔ اخیر میں ٹورنامنٹ کے منتظم محمدنفیس انصاری ،عفان انصاری ، ابرار انصاری نے آئے ہوئے تمام مہمانوں ، ٹیموں اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔

Recommended