نئی دہلی، 24 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
ہندوستان نے تیر اندازی ورلڈ کپ 2023 میں اپنی مہم کا اختتام چار تمغوں (دو سونے، ایک چاندی اور ایک کانسہ) کے ساتھ کیا۔ ہندوستانی دستے نے اتوار کو مزید دو تمغے جیتے۔ہندوستانی مردوں کی ریکرو ٹیم کے تین ارکان، اتانو داس، دھیرج بومادیورا اور تروندیپ رائے نے چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔
طلائی تمغہ کے مقابلے میں چین کے لی ڑونگ یوان، کیو جیانگ شو اور وی شاؤ شوان نے ہندوستان کی تکڑی کو 5-4 سے شکست دی۔ ہندوستان نے پہلے دو سیٹ ہارے، لیکن اگلے دو سیٹوں میں واپسی کرکے میچ 4-4 سے برابر کردیا۔ پانچویں اور آخری سیٹ میں دونوں ٹیمیں 28-28 سے برابر رہیں جس کے بعد شوٹ آؤٹ ہوا جس میں چینی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
اس سے قبل، چوتھی سیڈ ہندوستانی مردوں کی ریکرو آرچری ٹیم نے نیدرلینڈ، چینی تائپے، اٹلی اور جاپان کو شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔دھیرج بومادیورا نے مردوں کے انفرادی ریکرو مقابلے میں قازقستان کے الفت عبدلن کو 3-7 سے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔
اس سے پہلے ہندوستان نے ہفتہ کو جو دونوں گولڈ میڈل جیتے تھے وہ جیوتی سریکھا وینم کے نام تھے۔ جیوتی نے پہلے خواتین کے انفرادی کمپاؤنڈ ایونٹ میں اور پھر اوجس پروین دیوتالے کے ساتھ کمپاؤنڈ ٹیم ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔