ایشین ہاکی چیمپئنس ٹرافی کے سیمی فائنل میں جاپان کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے آج پاکستان کے خلاف اپنے کانسے کے تمغے کے میچ میں زبردست واپسی کی۔ ٹیم انڈیا نے تیسرے مقام کے لیے کھیلے گئے میچ میں اپنی روایتی حریف پاکستان کوایک بار پیچھے چھوڑتے ہوئے 4-3 سے شکست دے دی۔
بھارت نے پہلے ہی منٹ میں ہرمن پریت سنگھ کے گول کی مدد سے برتری حاصل کر لی۔ اس کے بعد سمت(45ویں)، ورون کمار (53ویں) اور آکاش دیپ سنگھ (57ویں) نے گول داغے۔ پاکستان کی جانب سے افروز (10ویں)، عبدالرانا (33ویں) اور احمد ندیم (57ویں) نے گول کئے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی پاکستان کے خلاف یہ دوسری جیت ہے۔ اس سے قبل بھارت نے راونڈ رابن مرحلے میں پاکستان کو 3-1 سے شکست دی تھی۔ فائنل میں جنوبی کوریا کا مقابلہ جاپان سے ہوگا۔
مسقط میں گذشتہ بار منعقدہ ٹورنامنٹ میں بھارت اور پاکستان مشترکہ طور پر فاتح رہے تھے۔ منگل کے روز سیمی فائنل میں ہندوستان کو جاپان کے ہاتھوں 5-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑاتھا۔اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان نے پہلی بار کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ایشین چیمپئنس ٹرافی میں یہ ہندوستان کا مجموعی طور پر پانچواں تمغہ ہے۔ اس کانسے سے پہلے ہندوستان نے تین طلائی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا ہے۔ ٹیم نے 2011، 2016 اور 2018 میں گولڈ میڈل جیتے ہیں۔
اس کے علاوہ 2012 میں ٹیم کو چاندی کا تمغہ ملاتھا۔ پاکستانی ٹیم پہلی بار کوئی میڈل نہیں جیت سکی۔ اس سے قبل انہوں نے 2011 اور 2016 میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی 2012، 2013 اور 2018 میں ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔