Urdu News

بجرنگ پونیا نے کشتی میں حاصل کیا کانسے کا تمغہ،ہندوستانی کی جھولی میں 6واں میڈل آیا

بجرنگ پونیا

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کھیلے جا رہے اولمپک کھیلوں میں بجرنگ پونیا نے ایک اور کانسے کا تمغہ ہندوستان کی جھولی میں ڈال دیا ہے۔ بھارتی پہلوان نے ٹوکیو اولمپکس میں قازقستان کے دولت نیاز بیکوف کو 65 کلوگرام  فری اسٹائل زمرے میں کانسے کے یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کو 6واں میڈل دلایا۔

 اس سے قبل بجرنگ اپنے سیمی فائنل میچ میں تین بار کے عالمی چیمپئن حاجی علی ایف سے 5-12 سے ہار گئے تھے۔ بجرنگ نے کشتی میں بھارت کو دوسرا تمغہ دلایا ہے۔  اس سے قبل روی دہیا نے فائنل تک کا سفر کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

بجرنگ دولت پرمیچ کے آغاز سے ہیحاوی ں نظر آئے تھے اور انہیں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا۔ ہندوستانی پہلوان نے دولت کو پورے میچ میں ایک بھی پوائنٹ حاصل نہیں ہونے دیا اور میچ 8-0 سے جیت لیا۔ بجرنگ پونیا ہندوستان کے ان کھلاڑیوں میں سے تھے جن سے ملک نے اولمپک کھیلوں میں سونے کے تمغے کی توقع کی تھی۔ ہندوستانی پہلوان نے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار آغاز کیا اور اپنے کوارٹر فائنل مقابلے میں ایران کے طاقتور مرتضیٰ غیاسی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی  کی تھی۔ تاہم حاجی علییف نے سیمی فائنل میں بجرنگ کی  لیگ ڈیفنس کمزوری کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور میچ کو ایک طرفہ کر دیا۔

بجرنگ پونیا کو کانسے کا تمغہ جیتنے پر اہل وطن کی طرف سے مبارکبادیں مل رہی ہیں اور شائقین سوشل میڈیا پر بھی ان کی زبردست تعریف کر رہے ہیں۔ بجرنگ اور دولت کے درمیان یہ تیسرا میچ تھا۔ اس سے پہلے دونوں پہلوانوں نے ایک دوسرے کوایک ایک بار شکست دی تھی۔

ان کی جیت پر وزیر اعظم مودی نے ان سے فون پر بات کی اور انہیں جیت کی مبارکباد پیش کی۔ مودی نے ٹویٹر پر لکھا، ’ٹوکیو 2020 سے اچھی خبر۔ بجرنگ پونیا نے بہت شاندار مقابلہ کیا۔ آپ کو اس کامیابی پر مبارکباد۔ اس سے ہر ہندوستانی کو فخر اور خوشی  ہو تی ہے‘۔

Recommended