Urdu News

فیفا کی عالمی درجہ بندی میں برازیل سرفہرست،ارجنٹائن دوسرے نمبر پر

فیفا کی عالمی درجہ بندی میں برازیل سرفہرست،ارجنٹائن دوسرے نمبر پر

 فیفا ورلڈ کپ میں کوارٹر فائنل میں شکست کے باوجود برازیل نے فیفا ورلڈ رینکنگ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

ای ایس پی این کے مطابق،برازیل نے بیلجیم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اس سال فروری سے سرفہرست مقام حاصل کر رکھا ہے۔ ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے باوجود ارجنٹائن برازیل کو ٹاپ سے نہیں ہٹا سکا۔

 اتوار کو ہونے والے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو پنالٹی پر 4-2 سے شکست دے کر 1986 کے بعد اپنا پہلا اور مجموعی طور پر تیسرا ورلڈ کپ جیتا۔

برازیل نے ٹورنامنٹ میں تین میچ جیتے اور اسے کیمرون سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ کوارٹر فائنل میں کروشیا کے ہاتھوں شکست کے بعد فٹ بال کے عالمی مقابلے سے باہر ہو گئے تھے۔ دریں اثنا ارجنٹائن نے بقیہ چار میچ جیتے،صرف افتتاحی میچ سعودی عرب کے خلاف ہارا۔ فائنل میں انہوں نے فرانس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 4-2 سے شکست دی۔

2021 میں کوپا امریکہ جیتنے اور یہ ورلڈ کپ جیتنے کے باوجود، ارجنٹینا پہلے نمبر پر نہیں ہے۔ شوٹ آؤٹ جیت میں ریگولیشن ٹائم جیت کے مقابلے کم درجہ بندی پوائنٹس ہوتے ہیں۔ اگر فرانس یا ارجنٹائن 120 منٹ کے اندر جیت جاتے، جس میں اضافی وقت کے 30 منٹ بھی شامل ہوتے، وہ پہلے نمبرپربن جاتے۔

ارجنٹائن اور فرانس ایک درجہ ترقی کرکے بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ بیلجیئم جو کہ گروپ مرحلے میں جگہ بنانے میں ناکام رہا، دو درجے کھسک کر چوتھے نمبر پر آگیا۔

 انگلینڈ کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے بعد پانچویں نمبر پر برقرار ہے۔ ساتھی کوارٹر فائنلسٹ ہالینڈ دو درجے ترقی کر کے چھٹے نمبر پر آ گئے۔

فیفا کی نئی ٹاپ 20 رینکنگ درج ذیل ہے:-

۱۔ برازیل ۲۔ ارجنٹائن ۳۔ فرانس ۴۔ بیلجیم ۵۔ انگلینڈ ۶۔ ہالینڈ ۷۔ کروشیا ۸۔ اٹلی ۹۔ پرتگال ۱۰۔ اسپین ۱۱۔ مراکش ۱۲۔ سوئٹزرلینڈ ۱۳۔ امریکہ ۱۴۔ جرمنی ۱۵۔ میکسیکو ۱۶۔ یوراگوئے ۱۷۔ کولمبیا ۱۸۔ ڈنمارک ۱۹۔ سینیگال ۲۰۔ جاپان۔

Recommended