برمنگھم، 8 اگست (انڈیا نیرٹیو)
ہندوستانی اسٹار کھلاڑی اور دو بار کی اولمپک تمغہ جیتنے والی پی وی سندھو نے دولت مشترکہ کھیلوں 2022 میں ہندوستان کو اپنا 19 واں طلائی تمغہ دلایا ہے۔ سندھو نے پیر کو خواتین کے سنگلز خطابی مقابلے میں کینیڈا کی مشیل لی کو 21-15، 21-13 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔
فائنل میچ میں زخمی ہونے کے باوجود سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سندھو کو بائیں ٹخنے میں چوٹ لگی تھی لیکن اس نے چوٹ کو گیم پر حاوی نہیں ہونے دیا اور پہلا گیم آسانی سے 21-15 سے جیت لیا۔
دوسرے گیم میں بھی سندھو تال میں نظر آئیں اور کینیڈا کے کھلاڑی کو واپس آنے کا کوئی موقع نہیں دیا اور دوسرا گیم 21-13 سے جیت کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ سندھو نے اس سے قبل سیمی فائنل میں سنگاپور کی جیا من کو 21-19، 21-17 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔
بتا دیں کہ سندھو ان گیمز کے 2018 ایڈیشن کے فائنل میں پہنچی تھی، جہاں انہیں ہم وطن سائنا نہوال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ہندوستان نے اب تک ان کھیلوں میں کل 56 تمغے جیتے ہیں جن میں 19 طلائی، 15 چاندی اور 22 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔