Urdu News

کامن ویلتھ گیمز2022کا نواں دن: ہندوستانی پہلوانوں کا رہا جلوہ، تین گولڈ سمیت 6 تمغے جیتے

ہندوستانی پہلوانوں کا رہا جلوہ، تین گولڈ سمیت 6 تمغے جیتے

ان کھیلوں میں حصہ لینے والے تمام ہندوستانی پہلوانوں نے تمغے جیتے

برمنگھم/نئی دہلی، 7 اگست (انڈیا نیرٹیو)

کامن ویلتھ گیمز 2022 کا نواں دن ہندوستان کے لیے ایک اور سنہرا دن رہا، جہاں پہلوانوں نے اپنا دبدبہ قائم کیا اور تین طلائی اور تین کانسے کے تمغے جیتے۔ بھاوینا پٹیل نے پیرا ٹیبل ٹینس میں طلائی جیتا تو ایتھلیٹکس میں 2 چاندی کے تمغے آئے،وہیں ہندوستانی چار مردوں کی ٹیم نے لان باؤلز میں چاندی کا تمغہ جیتا۔

باکسنگ میں تین باکسرز نے کانسے کے تمغے جیتے جبکہ چار نے فائنل میں داخل ہوکر ہندوستانی ٹیم کے لیے تمغے کو یقینی بنایا۔ اس کے علاوہ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 4 رن سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔

پیرا ٹیبل ٹینس میں بھاوینا کو گولڈ

پیرا ٹیبل ٹینس میں بھاوینا ہس مکھ بھائی پٹیل نے گولڈ جیتا ہے۔ انہوں نے فائنل میں نائجیریا کی افیچکوودے کرسٹیانا کو مسلسل تین کھیلوں میں 10-12، 2-11، 9-11 سے شکست دی۔

کشتی میں بھارتی پہلوانوں کا دبدبہ، تمام 12 پہلوانوں نے میڈل جیتے

نویں دن کشتی میں ہندوستانی پہلوانوں کا دبدبہ رہا جہاں ہندوستان نے چھ تمغے جیتے۔ ونیش پھوگاٹ، روی دہیا اور نوین نے گولڈ میڈل جیتا تو پوجا سہاگ، پوجا گہلوت اور دیپک نہرا نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس طرح ہندوستان کو کشتی میں کل 12 تمغے ملے۔ اس سے پہلے جمعہ کو دیپک پونیا، بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ انشو ملک کو چاندی پر ہی مطمئن ہونا پڑا۔ اس کے ساتھ ہی دویا کاکرن اور موہت گریوال نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس طرح ہندوستان کے تمام 12 پہلوان تمغے جیتنے میں کامیاب رہے۔

ہندوستان کو ایتھلیٹکس میں دو تمغے ملے

ایتھلیٹکس میں ہندوستان کے لیے ا?ج کا دن اچھا رہا۔ پرینکا گوسوامی نے 10,000 میٹر ریس واک فائنل میں چاندی کا تمغہ جیتا، وہیں اویناش سابلے نے مردوں کے 3000 میٹر اسٹیپل چیز میں چاندی کا تمغہ جیتا۔

پرینکا نے 43 منٹ اور 38 سیکنڈ میں میراتھن دوری کو کور کرتے ہوئے اپنا ذاتی بہترین مظاہرہ کیا اور سی ڈبلیو جی 2022 میں ٹریک اینڈ فیلڈ میں ہندوستان کو تیسرا تمغہ دلایا۔ ان سے پہلے مرلی شری شنکر (لانگ جمپ میں چاندی) اور تیجسون شنکر (اونچی چھلانگ میں کانسے) ہندوستان کے لیے ٹریک اینڈ فیلڈ میں تمغے جیت چکے ہیں۔

وہیں اویناش نے 3000 میٹر اسٹیپل چیز مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت کر قومی ریکارڈ قائم کیا۔ ان کھیلوں میں یہ ہندوستان کا 28 واں اور ایتھلیٹ کا چوتھا تمغہ ہے۔ اویناش نے اپنی ریس 8.11.20 منٹ میں مکمل کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تین ہزار میٹر کی دوڑ میں نیا قومی ریکارڈ قائم کیا۔ وہ گولڈ میڈلسٹ ابراہم کبیواٹ سے صرف 0.5 سیکنڈ پیچھے رہے۔

مردوں کی ٹیم نے لان بال میں چاندی کا تمغہ جیتا

لان بال میں، مردوں کی ٹیم (چار کھلاڑی) کو فائنل میں شمالی آئرلینڈ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم کو چاندی کے تمغے پر قناعت کرنا پڑی۔ 14ویں اینڈ کے بعد ہندوستانی ٹیم میچ 5-18 سے ہار گئی۔ سنیل بہادر، نونیت سنگھ، چندن کمار سنگھ اور دنیش کمار کی جوڑی نے ہندوستان کے لیے کمال کیا ہے۔

ہندوستانی باکسرز نے اپنی طاقت دکھائی، تین کانسے کے تمغے جیتے

ہندوستانی باکسر جیسمین لمبوریا، محمد حسام الدین اور روہت ٹوکس نے اپنی سی ڈبلیو جی 2022 مہم کانسے کے تمغوں کے ساتھ ختم کی۔نیتو گھنگھاس، امت پنگھال، نکہت زرین اور ساگر اپنے اپنے میچوں میں کامیاب رہے اور اپنے اپنے زمرے میں فائنل میں جگہ بنائی۔

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم فائنل میں پہنچی

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پانچ وکٹوں پر 164 رن بنائے تھے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 20 اوور میں چھ وکٹوں پر صرف 160 رن بنا سکی۔

Recommended