برمنگھم/نئی دہلی، 8 اگست (انڈیا نیرٹیو)
دولت مشترکہ کھیل۔ 2022 کا 10 واں دن ہندوستان کے لیے سنہرا دن ثابت ہوا۔ ہندوستان نے اس دن مجموعی طور پر 15 تمغے جیتے جن میں پانچ طلائی، چار چاندی اور چھ کانسہ کے تمغے شامل ہیں جن میں سے تین گولڈ باکسنگ میں آئے۔ چوتھا گولڈ میڈل ٹرپل جمپ میں آیا۔ اس کے علاوہ اچنتا شرتھ کمل اور سریجا اکولا کی جوڑی نے ٹیبل ٹینس میں مکسڈ ڈبلز میں شاندار مظاہرہ کیا اور طلائی کاتمغہ جیتا۔ اسی طرح ہندوستانی خواتین اور ہاکی ٹیم نے بالترتیب چاندی اور کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
مکے بازی میں تین گولڈ میڈل، ایک چاندی کا تمغہ
آج دسویں دن تین بھارتی مکے باز – نکہت زرین (خواتین لائٹ فلائی ویٹ)، امت پنگھال (مردوں کا فلائی ویٹ) اور نیتو (خواتین کا کم از کم وزن) نے اپنے اپنے فائنل جیت لیے۔
بھارتی مکے باز نکہتزرین نے اتوار کے روز کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان کا 17 واں گولڈ میڈل جیتا۔ نکہت نے خواتین کے لائٹ فلائی ویٹ (50 کلوگرام) زمرے کے یک طرفہ فائنل میں شمالی آئرلینڈ کی کارلی ایم سی ناول کو 5-0 سے شکست دے کر طلائی کاتمغہ جیتا۔
زرین سے پہلے، ہندوستانی خاتونمکے باز نیتو گھنگھاس اور امت پنگھال نے آج ہندوستان کے لیے سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ نیتو نے اتوار کو گولڈ میڈل میچ میں انگلینڈ کی ڈیمی جیڈ کو 5-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ کاجیتا۔
اس کے ساتھ ہی مردوں کے 48-51 کلوگرام وزن کے زمرے میں امت پنگھال نے گولڈ میڈل جیتا۔ امت نے طلائی تمغہ کے مقابلے میں انگلینڈ کے کیران میکڈونلڈ کو 5-0 سے شکست دی اور اتوار کے روز باکسنگ میں طلائی کاتمغہ جیتا۔
بھارت کے ساگر اہلاوت کو سپر ہیوی ویٹ زمرہ یعنی 92 کلوگرام میں چاندی کے تمغے سے مطمئن ہونا پڑا۔ انہیں فائنل میں انگلینڈ کے ڈیلیشیئس اوری نے 5-0 سے شکست دی۔
ایتھلیٹکس میں ایک گولڈ سمیت چار تمغے آئے
مردوں کی ٹرپل جمپ میں بھارت نے دو تمغے جیتے، جس میں الدھوس پال نے سونے (17.03 میٹر جمپ) اور عبداللہ ابوبکر نارنگولینٹیوید نے چاندی کا تمغہ(17.02 جمپ) جیتا۔ دریں اثنا، انو رانی اور سندیپ کمار نے بالترتیب خواتین کی جیولین تھرو اور مردوں کی 10 کلومیٹر دوڑ میں بھارت کے لیے کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔
ٹیبل ٹینس میں بھارت نے ایک گولڈ اور ایک سلورمیڈل جیتا
مکسڈ ڈبلز میں ہندوستان کے اچنتا شرتھ کمل اور سریجا اکولا کی جوڑی نے ملیشیا کے جیوین چونگ اور کیرین لین کو 11-4، 9-11، 11-5، 11-6 سے شکست دے کر طلائی کاتمغہ جیتا۔
اس سے قبل اچنتا شرتھ کمل اور ساتھیان گناشیکھرن کی جوڑی نے ٹینس ڈبلز مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ ہندوستانی جوڑی کو طلائی تمغہ کے مقابلے میں انگلینڈ کے پال ڈرنک ہال اور لیام پچفورڈ کی جوڑی نے شکست دی۔
ہندوستانی جوڑی کو انگلش جوڑی سے 11-8، 8-11، 3-11، 11-7، 4-11 سے شکست ہوئی اور اسے چاندی سے ہی اکتفا کرنا پڑا۔
بھارتی خواتین کی ہاکی ٹیم نے کانسہ کا تمغہ جیتا
بھارت نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں کپتان اور گول کیپر سویتا کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پنالٹی شوٹ آوٹ میں نیوزی لینڈ کو 2-1 سے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر تھیں جس کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا۔ جہاں بازی بھارتی ٹیم کے ہاتھ لگی۔
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 9 رن سے شکست ہوئی۔ آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 161 رن بنائے۔ بیتھ مونی نے 61 رن بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم 152 رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہرمن پریت کور نے 65 رن بنائے۔ ایک موقع پر ہندوستانی ٹیم تین وکٹوں کے نقصان پر 118 رن بنا چکی تھی۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور ہندوستانی ٹیم میچ ہار گئی۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کو فائنل میں شکست کے بعد چاندی پر ہی اکتفاکرنا پڑی۔ آسٹریلیا نے تاریخی گولڈ اپنے نام کر لیا۔ خواتین کی کرکٹ کو پہلی بار کامن ویلتھ گیمز میں شامل کیا گیا ہے۔
سورو گھوشال-دیپیکا پلیکل نے اسکواش میں کانسہ کا تمغہ جیتا
دپیکا پلیکل اور سورو گھوشال نے اسکواش کے مکسڈ ڈبلز میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں آسٹریلیاکی لوبان ڈونا اور پیلی کیمرون کی جوڑی کو 2-0 سے شکست دی۔ پلیکل اور سورو نے پہلا گیم 11-8 اور دوسری گیم 11-4 سے جیتا۔
بیڈمنٹن میں دو کانسے کے تمغے حاصل ہوئے
ہندوستانی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت نے سنگاپور کے جیا ہینگ تہہ کو لگاتار گیمز میں 21-15، 21-18 سے شکست دے کر کانسہ کا تمغہ جیتا۔ سری کانت کو سیمی فائنل میں ملیشیا کے انگاتجے یونگ نے شکست دی۔
اس کے علاوہ ترشا جولی اور گایتری گوپی چند پلیلا کی جوڑی نے خواتین کے ڈبلز میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ کانسہ کے تمغے کے مقابلے میں ہندوستانی جوڑی نے سوان یووینڈی چن اور سومرویل کی آسٹریلیائی جوڑی کو لگاتار گیمز میں 21-15، 21-18 سے شکست دی۔
سندھو اور لکشیہ سین بیڈمنٹن میں سنگلز کے فائنل میں پہنچ گئے
بھارت کی خاتون اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو نے کامن ویلتھ گیمز 2022 کے خواتین سنگلز کے سیمی فائنل میں سنگاپور کی جیا من کو 21-19، 21-17 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
دوسری جانب لکشیہ سین نے اتوار کو کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں سنگاپور کے جیا ہینگ تہہ کو 21-10، 18-21، 21-16 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر کے اپنے پہلے کامن ویلتھ گیمز کے تمغے کو یقینی بنایا۔
ہندوستان کے لیے تمغے جیتنے والے
بتادیں کہ ہندوستان نے ان کھیلوں میں اب تک کل 55 تمغے جیتے ہیں جن میں 18 طلائی، 15 چاندی اور 22 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
گولڈ میڈلسٹ کھلاڑی- میرابائی چانو، جیریمی لال رینونگا، انچیتا شیولی، خواتین کی لان بال ٹیم، ٹیبل ٹینس مردوں کی ٹیم، سدھیر (پاور لفٹنگ)، بجرنگ پونیا، ساکشی ملک، دیپک پونیا، روی دہیا، ونیش پھوگاٹ، نوین، ٹی بھاوینا (پیرا ٹینس)، نیتو گھنگھاس، امت پنگھل، ایلڈہاس پال، نکہت زرین، شرتھ کمل سریجا اکولا۔
سلور میڈلسٹ کھلاڑی- سنکیت سرگر، بندیارانی دیوی، سشیلا دیوی، وکاس ٹھاکر، ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم، تولیکا مان، مرلی سری شنکر، انشو ملک، پرینکا، اویناش سابلے، مردوں کی لان بال ٹیم، عبداللہ ابوبکر، شرتھ اور ساتھیان، ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم، ساگر۔
کانسہ کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑی – گروراجہ پجاری، وجے کمار یادو، ہرجندر کور، لوپریت سنگھ، سورو گھوشال، گوردیپ سنگھ، تیجسون شنکر، دیویا کاکرن، موہت گریوال، جیسمین، پوجا گہلوت، پوجا سہاگ، محمد حسام الدین، دیپک نہرا، روہت ٹوکس، خواتین کی ہاکی ٹیم، سندیپ کمار، انو رانی، سورو گھوشال-دیپیکا، کدمبی سری کانت، تریشا گایتری۔