کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستان کوپہلا تمغہ دلانے والے ویٹ لفٹر سنکیت سرگر نے اپنا تمغہ ہندوستان کے مجاہدین آزادی کو وقف کیا ہے۔
سنکیت نے 55 کلوگرام وزن کے زمرے میں ملک کے لیے چاندی کا تمغہ جیتا۔ تمغہ جیتنے کے بعد سنکیت نے کہا،”میں اپنا چاندی کا تمغہ ہمارے مجاہدین آزادی کو وقف کرتا ہوں، جنہوں نے ہندوستان کی آزادی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کردیں“۔
تین بار کے قومی چیمپئن اورگذشتہ سال دسمبر میں دولت مشترکہ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ویٹ لفٹر سنکیت سرگر نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں مردوں کے 55 کلوگرام ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتا۔ وہ گولڈ میڈل سے صرف 1 کلو گرام سے محروم رہ گئے۔
سنکیت نے 248 کلوگرام (اسنیچ میں 113 اور کلین اینڈ جرک میں 135 کلوگرام)کامشترکہ وزن اٹھایا۔ سنکیت نے اپنی دوسری کلین اینڈ جرک کوشش میں 141 کلوگرام وزن اٹھاتے ہوئے خود کو زخمی کر لیا اور بار اٹھانے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے وہ صرف 1 کلو گرام کے فرق سے طلائی تمغہ جیتنے سے محروم ر ہ گئے۔
ملیشیا کے محمد بن عنیق نے ایونٹ کا گولڈ میڈل جیتا۔ عنیقنے کل 249 کلوگرام (اسنیچ میں 107 اور کلین اینڈ جرک میں 142 کلوگرام) وزن اٹھایا۔
سری لنکا کے دلنکا ایشورو 225 کلوگرام (اسنیچ-105 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک-120 کلوگرام) کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے اور کانسہ کا تمغہ حاصل کیا۔