Urdu News

کامن ویلتھ گیمز 2022: چھٹا دن بھی رہا شاندار، بھارتی کھلاڑیوں نے پانچ تمغے جیتے، بھارت کے کل تمغوں کی تعداد 18 ہوئی

کامن ویلتھ گیمز 2022: چھٹا دن بھی رہا شاندار

برمنگھم/نئی دہلی، 4 اگست (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستان کے لیے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں چھٹا دن بھی شاندار رہا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے چھٹے دن کل پانچ تمغے جیتے۔ جوڈو میں جہاں تولیکا مان نے چاندی جیتا وہیں سورو گھوشال نے اسکواش میں، لوپریت اور گرودیپ نے ویٹ لفٹنگ میں اور تیجسون شنکر نے ٹریک اینڈ فیلڈ میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم بھی باربیڈوس کو 100 رن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

ویٹ لفٹر لوپریت سنگھ اور گردیپ سنگھ نے جیتا کانسے کا تمغہ

ویٹ لفٹر لو پریت سنگھ نے بدھ کو مردوں کے 109 کلوگرام ویٹ لفٹنگ میں کانسے کا تمغہ جیتا، لوپریت نے 109 کلوگرام ویٹ لفٹنگ کے اسنیچ راؤنڈ میں کل 163 کلوگرام وزن اٹھایا، وہیں کلین اینڈ جرک میں انہوں نے 192 کلو گرام وزن اٹھا نے کے ساتھ دونوں راؤنڈ ملا کر کل 355 کلو گرام وزن اٹھایا۔

وہیں گردیپ سنگھ نے 109 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے کل 390 کلو وزن (اسنیچ راؤنڈ میں 167 کلوگرام اور کلین اینڈ جرک راؤنڈ میں 223 کلوگرام) کا وزن اٹھایا۔

ہندوستانی اسکواش کھلاڑی سورو گھوشال نے کانسے کا تمغہ جیتا

مردوں کے سنگلز اسکواش میں، سورو گھوشال نے انگلینڈ کے جیمس ولسٹراپ کو 0-3 سے شکست دے کر کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کا پہلا سنگلز میڈل جیتا۔ سورو نے 6-11، 1-11، 4-11 سے ولسٹراپ کو شکست دی۔

ہندوستان کے ہائی جمپر تیجسون شنکر نے جیتا کانسے کا تمغہ

ہندوستانی ہائی جمپر تیجسون شنکر نے کامن ویلتھ گیمز میں ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹ میں ہندوستان کے تمغوں کا کھاتہ کھولا۔ تیجسون نے مردوں کے ہائی جمپ مقابلے کے فائنل میں 2.22 میٹر کی چھلانگ لگا کر کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اسی کے ساتھ وہ کامن ویلتھ گیمز میں ہائی جمپ میں ہندوستان کے لیے تمغہ جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔

باکسنگ میں تین تمغے پکے

باکسنگ میں بھی ہندوستان کا دن بہت اچھا رہا، مکے باز نکہت زرین (50 کلوگرام)، نیتو گنگس (خواتین کے 48 کلوگرام) اور حسام الدین محمد (مردوں کے 57 کلوگرام) نے سیمی فائنل میں داخل ہوکر ہندوستان کے تین اور تمغے پکے کئے۔ تاہم، اولمپک میڈلسٹ باکسر لولینا بورگوہین لائٹ مڈل ویٹ کوارٹر فائنل میں ہار گئیں، جب کہ آشیش کمار مردوں کے لائٹ ہیوی ویٹ کوارٹر فائنل میں ہار گئے۔

سیمی فائنل میں پہنچی ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم

ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامن ویلتھ گیمز کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔بھارت نے اپنے تیسرے گروپ میچ میں باربیڈوس کو 100 رن سے شکست دے دی۔ خواتین کی ٹی-20 کرکٹ میں یہ ہندوستان کی دوسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل 2018 میں اس نے ملائیشیا کو 142 رن سے شکست دی تھی۔ اس جیت کے بعد ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں دوسرے نمبر پر چلی گئی۔ آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اس کے ساتھ ہی باربیڈوس اور پاکستان کی ٹیم باہر ہو گئی ہے۔

اسکواش میں جیتا جوشنا اور ہریندر پال کی جوڑی نے

اسکواش میں جوشنا چنپا اور ہریندر پال سنگھ سندھو کی جوڑی نے سری لنکا کی کروپ اور روندو کی جوڑی کو شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی جوڑی نے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

ہاکی میں بھی ہندوستان کا رہا جلوہ

ہاکی میں، ہندوستانی خواتین ٹیم نے اپنے آخری پول اے میچ میں کینیڈا کے خلاف 2-3 سے جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں داخلہ لیا۔ اس کے ساتھ ہی مردوں کی ٹیم نے کینیڈا کو 0-8 سے شکست دے کر پول بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔

لان باؤلس میں بھی اچھا مظاہرہ رہا

لان باؤلس کے راؤنڈ 2 میں، لولی چوبے اور نینمونی سیکیا کی ہندوستانی خواتین کی جوڑی نے اپنا میچ 6-23 سے جیت لیا، جب کہ مردل بورگوہین نے اپنے مردوں کے سنگل میچ میں 5-21 سے شاندار فتح درج کی۔

ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ کامن ویلتھ گیمز 2022 نصف مرحلے میں ہے اور ہندوستان نے اب تک واقعی بہت اچھا مظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستان نے اب تک پانچ گولڈ سمیت کل 18 تمغے جیتے ہیں۔

ہندوستان کے تمغہ فاتحین

5 گولڈ: میرابائی چانو، جیریمی لالرننگا، انچیتا شیولی، خاتون لان بال ٹیم، ٹیبل ٹینس مردوں کی ٹیم

6 سلور: سنکیت سرگری، بندیارانی دیوی، سشیلا دیوی، وکاس ٹھ؎اکر، ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم، تولیکا مان

7 کانسے: گروراجا پجاری، وجے کمار یادو، ہرجندر کور، لوپریت سنگھ، گردیپ سنگھ، سوربھ گھوشال، تیجسون شنکر

Recommended