پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور ہیٹ ٹرک لگاکر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ فٹ بال کوالیفائر میں آسان جیت سے ہمکنار کر دیا۔وہیں یورپین کوالیفائرس میں انگلینڈ اور ہنگری کے درمیان کھیلے گئے ایک دیگر میچ شائقین نے رخنہ اندازی کی لیکن پرتگال کے فیرومیں کھیلے گئے میچ میں رونالڈو کا دبدبہ رہا۔انہوں نے کلب اور اپنے ملک کے لیے کیریئر کی مجموعی طور پر 58 ویں ہیٹ ٹرک لگائی۔ پرتگال نے اپنی کرشماتی کارکردگی سے اس میچ میں لکسمبرگ کو 5-0 سے شکست دی۔ اپنا 182 واں بین الاقوامی میچ کھیلتے ہوئے پرتگال کے لیے رونالڈو کی 10 ویں ہیٹ ٹرک ہے۔
رونالڈو نے آٹھویں اور 13 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کیا اور 87 ویں منٹ میں ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ پرتگال کی جانب سے دیگر دو گول برونو فرنانڈیز اور جوؤ پالینہا نے کیے۔ اس جیت کے باوجود پرتگال گروپ اے میں سربیا سے پیچھے ہے لیکن اس نے ایک میچ کم کھیلا ہے۔ ایک اور میچ میں سربیا نے آذربائیجان کو 3-1 سے شکست دی۔ ہر گروپ میں ٹاپ پر رہنے والی ٹیم براہ راست ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرے گی جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم پلے آف میں کھیلے گی۔