Urdu News

ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹسٹ میچ ڈرا، ہندوستان کو ٹسٹ رینکنگ میں نقصان

ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ٹسٹ میچ ڈرا

نئی دہلی: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ناٹنگھم(IND vs ENG Nottingham Test) میں کھیلا گیا پانچ ٹسٹ کی سیریز کا پہلا میچ ڈرا رہا۔ اس مقابلے میں 5 ویں اور آخری دن بارش کی وجہ سے ایک بھی گیند نہیں پھینکی جاسکی۔ اسی وجہ سے میچ ڈرا پر ختم ہوا۔ حالانکہ، ٹیم انڈیا کے پاس اس مقابلے کو جیت کر سیریز میں 0-1 کی سبقت لینے کا موقع تھا۔ کیونکہ اسے جیتنے کے لئے 157 رنوں کی ضرورت تھی جبکہ اس کے 9 وکٹ باقی تھے، لیکن بارش ٹیم انڈیا اور جیت کے درمیان حائل ہوگئی۔

میچ ڈرا ہونے کی وجہ سے ٹیم انڈیا کو نقصان اٹھانا پڑا۔ عالمی ٹسٹ چمپئن شپ(ICC World Test Championship) کے نئے پوائنٹس سسٹم(WTC Points System) کے تحت میچ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو برابر 4-4 پوائنٹ ملے۔ اس لحاظ سے ہندوستان کو نقصان ہوگیا۔ کیونکہ اس کے پاس میچ جیت کر پورے 12 پوائنٹ حاصل کرنے کا موقع تھا۔

واضح رہے کہ ہندوستان- انگلینڈ ٹسٹ سیریز کے ساتھ ہی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے دوسرے سیزن کا آغاز ہوا ہے۔ اس بار پوائنٹس سسٹم میں بھی تبدیلی ہوئی ہے۔ اس لئے ہر میچ کا نتیجہ اہم ہے۔ ہندوستان عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے پہلی سائیکل میں سب سے زیادہ پوائنٹ حاصل کرکے فائنل میں پہنچا تھا۔ جون میں ہوئے خطابی مقابلے میں اسے نیوزی لینڈ سے شکست ملی تھی۔ اس بار بھی ٹیم انڈیا جیت کے اسی سلسلے کو برقرار رکھنے کے ارادے سے اتری، لیکن پہلا ہی میچ اسے ڈرا کھیلنا پڑا اور اسے پورے پوائنٹ حاصل نہیں ہو پائے۔

آئی سی سی نے ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹ سسٹم میں کی تبدیلی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے دوسرے سائیکل کے لئے پوائنٹ سسٹم میں بڑی تبدیلی کی ہے۔ دوسرے سیزن میں ایک میچ جیتنے پر 12 پوائنٹس ملیں گے۔ مقابلہ ٹائی ہونے پر دونوں ٹیموں کو 6-6 پوائنٹ جبکہ ڈرا ہونے کی صورت میں 4-4 پوائنٹ ملیں گے۔ ٹیموں نے میچ کھیل کر جو پوائنٹ حاصل کئے ہیں، ان کے فیصد پوائنٹ کی بنیاد پر ٹیموں کی رینکنگ طے ہوگی۔

ڈبلیو ٹی سی کے دوسرے سیزن میں ہر میچ کے برابر پوائنٹ

اس بار جیتنے والی ٹیم کے پاس جیت فیصد پوائنٹ 100 فیصدی ہوں گے۔ ٹائی کرنے والی ٹیم 50 فیصد پوائنٹ ہی حاصل کر پائے گی۔ اس کے علاوہ ٹسٹ ڈرا ہونے پر دونوں ٹیموں کو برابر 33.33 فیصد پوائنٹ ملیں گے۔ پہلے سیزن میں ہر سیریز کے برابر 120 پوائنٹ ہوتے تھے، پھر چاہے یہ 2 ٹسٹ کی سیریز ہو یا پانچ کی۔ لیکن اس بار ہر ٹسٹ کے برابر پوائنٹ ہوں گے۔ یعنی دو ٹسٹ کی سیریز میں 24 پوائنٹ اور پانچ ٹسٹ میچ کی سیریز ہونے میں 60 پوائنٹ ہوں گے۔

ٹیم انڈیا کو دوسری عالمی ٹسٹ چمپئن شپ میں 19 ٹسٹ کھیلنے ہیں اور اس دوران اسے انگلینڈ، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی ٹیموں سے مد مقابل ہونا ہے۔

Recommended