Urdu News

پلے آف میں پہنچے تواچھا، ناکام ہوئے تو یہ اختتام نہیں: مہندر سنگھ دھونی

پلے آف میں پہنچے تواچھا، ناکام ہوئے تو یہ اختتام نہیں: مہندر سنگھ دھونی

ممبئی، 9 مئی (انڈیا نیرٹیو)

دہلی کے خلاف 91 رنوں کی بڑی کامیابی کے بعد چنئی سپر کنگ (سی ایس کے) کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ اگر ان کی ٹیم پلے آف میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ اچھا ہے اور اگر نہیں ہوتی ہے تو یہ ان کے لیے اختتام نہیں ہو گا۔

سی ایس کے نے دہلی کیپٹلس کو 91 رن سے ہرا دیا اور  لیگ ٹیبل میں آٹھویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہے اور اب اسے پلے آف میں جانے کے لیے اپنے باقی تین میچ جیتنے ہوں گے اور دوسری ٹیموں کے نتائج پر بھی انحصار کرنا ہوگا۔

میچ کے بعد دھونی نے کہا،”میں ریاضی کا بڑا مداح  نہیں ہوں۔ اسکول میں بھی میں اس میں اچھا نہیں تھا۔ نیٹ رن ریٹ کے بارے میں سوچنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ آپ صرف آئی پی ایل سے لطف اندوز ہونا چاہتے ہیں۔ جب دو دیگر ٹیمیں کھیل رہی ہیں،تو میں اضافی دباؤ اور سوچ میں نہیں پڑنا چاہتا، آپ کو صرف یہ سوچنا ہوگا کہ اگلے میچ میں کیا کرنا ہے“۔تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ اب وہ جو کرکٹ کھیل رہے ہیں، ان کی ٹیم کو ایسی کارکردگی چند میچ پہلے ہی کرنی تھی۔

دھونی نے کہا،”بہتر ہوتا اگر ہم اس طرح کی جیت پہلے حاصل کر لیتے، اب تھوڑی دیر ہو چکی ہے۔ حالانکہ یہ دہلی کے خلاف ایک بہترین میچ تھا“۔

میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پہلے بلے بازی  کرتے ہوئے سی ایس کے کی ٹیم نے ڈیون کونوے (87) کی شاندار نصف سنچری اننگز اور رتوراج گائیکواڑ (41)، شیوم دوبے (32) اور مہندر سنگھ دھونی (21 ناٹ آؤٹ) کی دھماکہ خیز اننگس کی بدولت 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 208 رن کا بڑا اسکور بنایا۔ دہلی کی جانب سے اینریک نورٹجے نے 3، خلیل احمد نے 2 اور مچل مورش نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں دہلی کی ٹیم 17.4 اوور میں 117 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ دہلی کی جانب سے مچل مارش نے 25، کپتان رشبھ پنت نے 21 اور شاردول ٹھاکر نے 24 رن بنائے۔ سی ایس کے کی جانب سے معین علی نے 3، مکیش چودھری، سمرجیت سنگھ اور ڈوین بریو نے 2-2 اور مہیش تیکشنا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Recommended