اولمپکس میں خود ہی گلے میں ڈالنا ہوگامیڈل، کورونا کی وجہ سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی
اولمپکس میں حصہ لینے والے ہر کھلاڑی کو خواب ہوتا ہے تمغہ جیت کر اپنا اور اپنے ملک کا نام روش کرنا۔جیت حاصل کرنے والے ایتھلیٹوں کو پوڈیم جب میڈل پہنایا جاتا ہے تو یہ اس کی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ ہوتا ہیلیکن کورونا وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس میں ایسا نہیں ہوگا۔ اس بار جیتنے والے ایتھلیٹوں کو اپنے میڈل خود ہی اپنے گلے میں ڈالنے ہوں گے۔ ساتھ میڈل سیریمنی کے دوران ایتھلیٹس کے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس باک نے بدھ کے روزپریزنٹیشن کی تقریب کے لیے نئی ایس او پی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا”جیتنے والے ایتھلیٹس کو میڈل ٹرے میں دیئے جائیں گے۔ یہاں سے انہیں تمغہ خود ہی پہننا پڑے گا۔ اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ جو شخص تمغہ ٹرے میں رکھے گا،وہ ڈس انفیکشنڈ دستانے پہنے ہوئے ہوگا۔پریزنٹر اور ایتھلیٹ کا اس دوران ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ اس دوران نہ توہینڈ شیک ہوگا اور نہ ہی گلے کی اجازت ہوگی“۔
کورونا وبا کی وجہ سے، 8 اگست تک ٹوکیو میں ایمرجنسی نافذ ہے۔ اولمپک اسٹیڈیم میں شائقین کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پہلے کہا گیا تھا کہ 50فیصد شائقین (زیادہ سے زیادہ 10 ہزار) کو ہر اسٹیڈیم میں داخلہ دیا جاسکتا ہے لیکن، کورونا کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر، داخلے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ بدھ کے روز بھی ٹوکیو میں 1149 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہ گذشتہ 6 ماہ میں ایک دن میں کورونا سے متاثرہ افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔