میرپور، 25 دسمبر ( انڈیا نیرٹیو)
ٹیم انڈیا نے اتوار کو بنگلہ دیش کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھارت کو جیت کے لیے 145 رنوں کا ہدف ملا۔
اس کے جواب میں کھیل کے چوتھے دن شریس ایئر اور روی چندرن اشون نے شاندار اننگ کھیل کر ہندوستان کو تین وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ ائیر نے ناٹ آؤٹ 29 اور اشون نے ناٹ آؤٹ 42 رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے دو میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ چٹو گرام میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بھارت نے 188 رنوں سے جیتا تھا۔
اس میچ میں 145 رن کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے تیسرے دن کھیل کے اختتام تک چار وکٹوں پر 45 رن بنا لیے تھے۔ اسے جیت کے لیے مزید 100 رن بنانے تھے۔ چوتھے دن بھی ہندوستان نے صبح سویرے تین وکٹ گنوا دیئے۔ جے دیو انادکٹ 13، رشبھ پنت 9 اور اکشر پٹیل 34 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بھارت کا اسکور سات وکٹوں پر 74 رن تھا۔ اس کے بعد شریس ائیر اور روی چندرن اشون نے ذمہ داری سنبھالی۔
دونوں نے ہندوستانی ٹیم کو دباو سے نکالا اور 71 رنز کی ناٹ آوٹشراکت داری کرکے ٹیم کو جیت دلائی۔ اشون 62 گیندوں پر 42 اور شریس نے 46 گیندوں پر 29 رن بنائے۔ ان دونوں کی کوششوں سے ہندوستان نے دو میچوں کی سیریز میں 2-0 سے کلین سویپ کیا اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔