Urdu News

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے بھارت کی جنوبی افریقہ پر سب سے بڑی جیت

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رنز کے لحاظ سے بھارت کی جنوبی افریقہ پر سب سے بڑی جیت

ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے راجکوٹ میں چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقہ کو 82 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ایک تاریخی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ ہندوستان کی یہ جیت رنز کے لحاظ سے جنوبی افریقہ کے خلاف سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل بھارت کی جنوبی افریقہ کے خلاف رنز کے لحاظ سے سب سے بڑی جیت 48 رنز تھی جو اس نے وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حاصل کی۔

راجکوٹ میں کھیلے گئے چوتھے میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔ ہندوستانی ٹیم ایک موقع پر چار وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز پر مشکلات سے دوچار تھی لیکن اس کے بعد دنیش کارتک (55) اور ہاردک پانڈیا (46) کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 33 گیندوں پر 65 رنز کی شراکت کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 169 رنز کا قابل احترام سکور بنایا۔

جواب میں جنوبی افریقہ کے بلے باز کبھی بھی اچھی حالت میں نظر نہیں آئے اور ٹیم مسلسل وکٹیں گنواتی رہی۔ جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں صرف 87 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے راسی وان ڈیر ڈوسن نے سب سے زیادہ 20 رنز بنائے۔

بھارت کی جانب سے فاسٹ بولر اویس خان نے 4 اور اسپنر یوزویندر چہل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان دونوں کے علاوہ ہرشل پٹیل اور اکسر پٹیل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔

دنیش کارتک کو ان کی شاندار 55 رنز کی اننگز کے لیے 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا، جو کہ ان کی پہلی T20نصف سنچری بھی تھی۔

اس کے ساتھ ہی پانچ میچوں کی T20Iسیریز 2-2 سے برابر ہوگئی ہے اور فائنل میچ 19 جون کو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Recommended