Urdu News

اوول میں ہندوستان کی شاندار جیت، 50 سال کا ٹوٹا ریکارڈ، کوہلی سب سے بہترین کپتان

@BCCI

نئی دہلی: وراٹ کوہلی کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ میں (India vs England, 4th Test) ایک بار پھر تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہندوستان نے لارڈس کے بعد اوول میں بھی انگلینڈ کو شکست دی اور اب وہ سیریز مین 1-2 سے آگے ہوگئی ہے۔ کھیل کے پانچویں دن ٹیم انڈیا کو جیت کے لئے 10 وکٹ کی ضرورت تھی اور اس کے گیند بازوں نے دوسری اننگ میں انگلینڈ کو محض 210 رنوں پر آوٹ کردیا۔ ٹیم انڈیا نے یہ میچ 157 رنوں سے جیتا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تاریخ رقم کردی اور ان سے کئی حصولیابیاں اپنے نام کی۔

ٹیم انڈیا نے پورے 50 سال، 13 دن کے بعد اوول میں ٹسٹ میچ جیتا۔ ہندوستان نے گزشتہ بار انگلینڈ کو اوول کے میدان پر 24 اگست، 1971 میں شکست دی تھی۔ وہ میچ ہندوستان نے 4 وکٹ سے جیتا تھا۔ اب ہندوستان نے ایک بار پھر اوول میں انگلینڈ کو 157 رنوں سے شکست دی ہے۔

وراٹ کوہلی ایشیا کے واحد کپتان ہیں، جنہوں نے انگلینڈ کو اس کی ہی سرزمین پر تین ٹسٹ میچوں میں شکست دی ہے۔ دو میچ تو انہوں نے اسی سیریز میں جیت لئے ہیں، وہیں ایک میچ انہوں نے گزشتہ دورے پر 2018 میں جیتا تھا۔ یہی نہیں وراٹ کوہلی ایشیا کے واحد کپتان ہیں، جو آسٹریلیا اور انگلینڈ میں ایک سے زیادہ ٹسٹ میچ جیتے ہیں۔

وراٹ کوہلی نے 20 ویں بار کوئی ٹسٹ میچ 150 رنوں سے زیادہ سے جیتا۔ یہ ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ ان سے پہلے رکی پونٹنگ نے 150 رنوں سے 18 ٹسٹ میچ جیتے تھے۔

ہندوستان نے انگلینڈ میں اپنا 9واں ٹسٹ میچ جیتا۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے آسٹریلیا، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز میں بھی 9-9 ٹسٹ میچ جیتے ہیں۔

ٹسٹ میچ کی پہلی اننگ میں 200 سے کم رنوں پر سمٹنے کے بعد ہندوستان کی انگلینڈ میں پہلی جیت ہے۔ وہیں ہندوستانی ٹسٹ تاریخ میں محض دوسری بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ ہندوستان نے وراٹ کوہلی کی کپتانی میں ہی یہ کرشمہ کیا ہے۔ سال 2018 میں ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے دورے پر واڈررس ٹسٹ میں پہلی اننگ میں 187 رنوں پر سمٹ گئی تھی، لیکن وہ 63 رنوں سے جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔

Recommended