Urdu News

بھارت کو ملی 2023 خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی

بھارت کو ملی 2023 خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی

بھارت  کو 2023 خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کی میزبانی ملی ہے۔ باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا نے بتایا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نئی دہلی میں منعقد کیا جائے گا۔

یہ میزبانی ایسے وقت میں ملی ہے جب دو سال قبل بھارت سے مردوں کے ایونٹ کی میزبانی چھین لی گئی تھی۔ تب ہندوستان کو عالمی گورننگ باڈی کو مطلوبہ فیس ادا نہ کرنے پر میزبانی سے نکال دیا گیاتھا۔

ہندوستان نے کبھی بھی مردوں کی عالمی چمپئن شپ کی میزبانی نہیں کی، لیکن یہ تیسرا موقع ہوگا جب ملک میں خواتین کا کوئی ایونٹ منعقد ہوگا۔ یہ ٹورنامنٹ 2006 اور 2018 میں نئی دہلی میں پہلے ہی منعقد کیا جا چکا ہے۔

باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) کے جنرل سکریٹری ہیمنت کلیتا نے کہا”ہمیں خواتین کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی کے حقوق مل گئے ہیں اور ہم مارچ کے آخر اور اپریل کے پہلے ہفتے میں ایونٹ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں“۔

انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن (آئی بی اے) کے صدر عمر کریملیو اپنے پہلے ہندوستان کے دورے پر ہیں اور اس دورے کے دوران مارکی ایونٹ کی تاریخوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

ہیمنت نے کہا”ایونٹ کی تاریخیں ابھی طے ہونا باقی ہیں۔ ہم آئی بی اے کے صدر کے ساتھ ملاقات کریں گے اور ان کے دورے کے دوران ایک معاہدے پر پہنچیں گے۔ یہ ٹورنامنٹ جواہر لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہونے کا امکان ہے“۔

 ہندوستان کے لیے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی اہم ہے، کیوں کہبی ایف آئی نے  میزبان فیس ادا کرنے میں ناکام ہونے کے بعد 2021 ایونٹ کے میزبانی کے حقوق سربیا سے کھو دئیے تھے۔

Recommended