Urdu News

سیریز پر قبضہ کرنے کے ساتھ شان سے عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا بھارت

سیریز پر قبضہ کرنے کے ساتھ شان سے عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا بھارت


سیریز پر قبضہ کرنے کے ساتھ شان سے عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں پہنچا بھارت

چوتھے اور آخری ٹسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کواننگ اور25رنوں سے دی شکست،3-1سے سیریز پر بھارت کا قبضہ، رشبھ پنت، اکشر پٹیل ، واشنگٹن سندراور اشون بنے ہیرو

احمدآباد،06مارچ(انڈیا نیرٹیو)

بھارت نے انگلینڈ کو ٹسٹ سیریز کے چوتھے اور آخری میچ میںاننگ اور25رنوں سے ہرا دیا ہے۔انگلینڈ کی دوسری اننگ محض 135رنوں پر سمٹ گئی جبکہ اس نے پہلی اننگ میں205رن بنائے تھے۔ وہیں بھارت نے پہلی اننگ میں365رن بنائے۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے سیریز پر3-1سے قبضہ کرلیا اور عالمی ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں بھی اپنی جگہ پختہ کرلی ہے۔اس سیریز میں اکشر پٹیل نے جو کارنامہ انجام دیا ہے وہ بھارتی کرکٹ کے لیے اچھے اشارے ہیں۔

 اس سیریز میں اکشر پٹیل نے27وکٹ حاصل کئے ہیں۔ چوتھے ٹسٹ میں اکشر پٹیل نے پھر انگلینڈ کے بلے بازوں کو جم کر پریشان کیا اور9وکٹ حاصل کئے۔پہلی اننگ میں 106رنوں سے پچھڑنے کے بعد دوسری اننگ میں بھی انگلینڈ کی شروعات خراب رہی۔ 10کے مجموعی اسکور پر روی چندرن اشون نے مسلسل دو گیندوں پر دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

 اشون نے پہلے جیک کرالے کو پانچ رن کے مجموعی اسکور پر اجنکیا رہانے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا اور پھر اگلی ہی گیند پر جانی بیریسٹو کو بھی روہت شرما کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراکر بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔ تیسراوکٹ ڈام سبلی کے طور پر گرا جو تین رن بناکر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بین اسٹوکس نے گزشتہ اننگ میں نصف سنچری اسکور کی تھی لیکن دوسری اننگ میں صرف دو رن پر ہی وہ اکشر پٹیل کی گیند پر وراٹ کوہلی کے ہاتھوں لپک لئے گئے۔

 پانچویں کامیابی اکشر پٹیل نے دلائی، جنہوں نے اولی پاپ کو15رن کے مجموعی اسکور پر رشبھ پنت کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ کرایا۔ چھٹے وکٹ کے طور پر جو روٹ پویلین لوٹے، جن کو آر اشون نے30رن کے مجموعی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔اکشر پٹیل کی گیند پر سلپ میں اجنکیا رہانے نے ایک لاجواب کیچ وکٹ کیپر بلے باز بین فوکس کو واپس بھیجا۔ فوکس اور لارینس کے درمیان کی شراکت داری کو توڑ اکشر نے انگلینڈ کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔

اس کے ٹھیک بعد اس گیند باز نے ڈام بیس کو وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ جیک لیچ 2رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد135کے کل اسکور پر اشون نے ڈینیل لارینس(50) کو بولڈ کرکے انگلش اننگ کا خاتمہ کردیا۔ بھارت کی طرف سے دوسری اننگ میں روی چندرن اشون اور اکشر پٹیل نے5-5وکٹ لیے۔

قبل ازیں رشبھ پنت کی سنچری اور واشنگٹن سندر کی ناٹ آوٹ نصف سنچری کی بدولت بھارت نے انگلینڈ کے خلاف یہاں جاری چوتھے ٹسٹ میچ کے تیسرے دن اپنی پہلی اننگ میں سبھی وکٹ کھوکر365رن بنائے۔ پہلی اننگ کی بنیاد پر بھارت کو 160رنوں کی برتری ملی۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگ میں205رن بنائے تھے۔رشبھ پنت نے بہترین سنچری لگاتے ہوئے101رن بنائے، جبکہ سندر04رن سے اپنے کیریئر کی پہلی سنچر ی محروم رہ گئے۔ وہ 96رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ 

بھارت کی پہلی اننگ کی شروعات ایک مرتبہ پھر خراب رہی اور جیمس اینڈرسن نے شبھمن گل کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیج دیا۔ گل کھاتہ کھولے بغیر ہی لوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد روہت اور پجارا نے بھارتی اننگ کو آگے بڑھایا۔ 40کے کل اسکور پر پجارا کو جیک لیچ نے ایل بی ڈبلیو کرکے بھارت کو دوسرا دھچکا دیا۔

 پجارا نے 17رن بنائے۔ کپتان کوہلی ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور بغیر کھاتہ کھولے بین اسٹوکس کا شکار بنے۔ یہاں سے اجنکیا رہانے اور روہت نے سنبھل کر کھیلنا شروع کیا اور چوتھے وکٹ کے لئے39رنوں کی شراکت داری کی۔80کے کل اسکور پر رہانے27رن بناکر جیمس اینڈرسن کی گیند پر سلیپ میں بین اسٹوکس کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔121کے کل اسکور پر بین اسٹوکس نے روہت شرما کو ایل بی ڈبلیو کے بھارت کو پانچواں دھچکا دیا۔

روہت شرما نصف سنچری سے محض ایک رن پیچھے رہ گئے۔146کے کل اسکور پر جیک لیچ نے روی چندرن اشون(17) کو پویلین بھیج کر بھارت کو چھٹاجھٹکا لگا۔ اس کے بعد رشبھ پنت اور واشنگٹن سندر نے ساتویں وکٹ کے لیے113رنوں کی شراکت داری کی۔ اس دوران پنت نے اپنی سنچر ی مکمل کی۔ حالاں کہ101رن بنانے کے بعد پنت جیمس اینڈرسن کی گیند پر روٹ کو کیچ دے کر چلتے بنے۔ اس کے بعد سندر اور اکشر پٹیل نے آٹھویں وکٹ کے لیے106رنوں کی شراکت داری کی۔ 365کے کل اسکور پر اکشر (43) رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔

 اکشر کے آؤٹ ہونے کے بعد بین اسٹوکس نے چار گیندوں پر ایشانت شرما اور محمد سراج کو آؤٹ کرکے بھارت کی اننگ کو ختم کردیا۔ واشنگٹن سندر96رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس نے چار، جیمس اینڈرسن نے تین اور جیک لیچ نے دو وکٹ لیے۔ انگلینڈ کی پہلی اننگ اس سے پہلے انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگ میں205رنوں پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کی طرف سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 55اور ڈینیل لارنس نے46رن بنائے۔ ان کے علاوہ جانی بیرسٹو نے28اور اولی پاپ نے 29رن بنائے۔بھارت کی جانب سے پہلی اننگ میں اکشر پٹیل نے چار، روی چندرن اشون نے تین، محمد سراج نے دو اور واشنگٹن سندر نے ایک وکٹ لیا۔

Recommended