ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے کوویڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراک لی
نئی دہلی ، 02 مارچ (انڈیا نیرٹیو)
بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے منگل کی صبح کوویڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ شاستری نے یہ معلومات خود سوشل میڈیا پر ویکسین لینے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دی۔ شاستری نے یہ ویکسین احمدآباد کے اپولو اسپتال میں لی ہے۔ انہوں نے ویکسین لگاتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
58 سالہ شاستری نے ٹویٹ کیاکہ ’’کوووڈ- 19 ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ وبا کے خلاف بھارت کو بااختیار بنانے کے لیے حیرت انگیز طبی پیشہ ور افراد اور سائنسدانوں کا شکریہ۔ احمد آباد میں کانتابین اور ان کی اپولو کی ٹیم جس طرح سے کووڈ- 19 ویکسی نیشن میں پروفیشنلزم دکھا رہے ہیں اس سے بہت متاثر ہوں‘‘۔
قابل ذکرہے کہ کوڈ ویکسی نیشن کا دوسرا مرحلہ پیر سے ملک بھر میں شروع ہوا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی کووڈ ویکسین کی پہلی خوراک لی۔ ان کے علاوہ ، بہت سے دوسرے وزرانے بھی کل کوویڈ 19 ویکسین کی پہلی خوراک لی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بارے میں بات کریں تو ، ہندوستانی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چوتھے میچ کے لیے احمد آباد میں ہے۔
ہندوستانی ٹیم سیریز میں 2-1 سے آگے ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے لیے ، ہندوستانی ٹیم کو صرف چوتھا میچ ڈرا کرنے کی ضرورت ہے۔ چوتھا ٹیسٹ 4 مارچ سے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔