Urdu News

آئی پی ایل 2023: افغانستانی اسپنرز نے ممبئی انڈینز کی کمر توڑ دی، گجرات کی یک طرفہ جیت

گجرات ٹائٹنز کے کھلاڑی جیت کے بعد جشن مناتے ہوئے

احمدآباد، 26اپریل (انڈیا نیرٹیو)

آئی پی ایل 2023 میں آج لیگ مرحلے کا 35 واں میچ گجرات ٹائٹنز اور ممبئی انڈینز کے درمیان  احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ میزبان گجرات نے یہ میچ آسانی سے جیت لیا ہے۔

گجرات کی اس جیت میں افغانستان کے دو اسپنرز راشد خان اور نور احمد نے اہم کردار ادا کیا۔ ٹائٹنز نے پہلے بلے بازی  کرتے ہوئے ممبئی کے سامنے 208 رنوں کا مشکل ہدف رکھا جسے ممبئی انڈینز حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 55 رنوں سے میچ ہار گئی۔

گجرات کے 207 رنوں کے اسکور کا تعاقب کرتے ہوئے  ممبئی انڈینس کے اوپنرز نے سست آغاز کیا۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے ممبئی کے کپتان روہت شرما کو 2 رن پر آؤٹ کر کے پہلا جھٹکا دیا۔

اس کے بعد ایشان کشن بھی جدوجہد کرتے نظر آئے اور راشد خان نے 13 رن دے کر ان کی وکٹ حاصل کی۔ راشد خان نے تلک ورما کو بھی پویلین کا راستہ دکھایا۔ ممبئی کے لیے کیمرون گرین اچھی اننگ کھیل رہے تھے لیکن نور احمد نے انھیں کلین بولڈ کر دیا اور پھر اسی اوور میں ٹم ڈیوڈ کو صفر پر آؤٹ کر کے گجرات کو میچ پر حاوی کر دیا۔

سوریہ کمار یادو نے ممبئی انڈینز کی جانب سے تیز کھیلنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی 23 رن کے اسکور پر نور احمد کا شکار بن گئے۔ تاہم اننگ کے آخر میں نیہل وڈھیرا نے پیوش چاولہ کے ساتھ مل کر شکست کا فرق کم کیا۔

نیہل وڈھیرا نے 40 رن کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ پیوش چاولہ نے بھی 18 رن کا تعاون دیا۔ گجرات کی جانب سے راشد خان نے 2 اور نور احمد نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

Recommended