ممبئی، 28 مارچ (انڈیا نیرٹیو)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 میں دہلی کیپٹلس کے خلاف اپنے پہلے میچ میں ممبئی انڈینس کودوہرا جھٹکالگاہے۔پہلے ٹیم کے ہاتھ سے یقینی لگ رہی جیت پھسل گئی۔ اس کے بعد سلو اوور ریٹ کی وجہ سے کپتان روہت شرما پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
آئی پی ایل کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا،”ممبئی انڈینس پر 27مارچ کو بریبورن اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلس کے خلاف انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2022 کے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کے لیے جرمانہ عائد کیا گیا ہے“۔
بیان میں مزید کہا گیا،”چونکہ یہ آئی پی ایل ضابطہ اخلاق کے تحت کم از کم اوور ریٹ کے جرائم سے متعلق ٹیم کا سیزن کا پہلا جرم تھا، اس لیے ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے“۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں ممبئی انڈینس نے دہلی کیپٹلس کو 178 رنوں کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں دہلی کیپٹلس کی شروعات خراب رہی اور اس کے بعد وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ جب میچ اختتام کے قریب پہنچا تو دہلی کو 30 گیندوں میں 56 رن درکار تھے اور اس کی 6 وکٹیں بھی گر چکی تھیں لیکن یہاں سے للت یادیو (48 ناٹ آؤٹ) اور اکشر پٹیل (38 ناٹ آؤٹ) نے اپنی دھماکہ خیز بلے بازی سے ٹیم کو فتح دلائی۔