وراٹ کوہلی کی فارم کافی عرصے سے خراب چلی آ رہی ہے اور اس پر کافی بحث ہو رہی ہے۔ آئی پی ایل 2022 میں انہوں نے اپنے آخری 8 میچوں میں ایک بار 41 اور 48 رن بنا کر امیدیں جگائی تھیں لیکن اس کے بعد وہ مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔ ہفتہ کو حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے میچ میں وہ گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے تھے اور اس سے قبل کے میچ میں بھی وہ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف گولڈن ڈک کا شکار ہوئے تھے۔ کوہلی کے آئی پی ایل کیریئر میں یہ پہلا موقع تھا جب وہ لگاتار دو میچوں میں گولڈن ڈک پر آؤٹ ہوئے۔
اب کوہلی کی اس خراب فارم کو دیکھ کر ٹیم انڈیا کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے انہیں وقفہ لینے کا مشورہ دیا تاکہ وہ اپنی فارم دوبارہ حاصل کر سکیں۔ اظہر کے مطابق وراٹ کوہلی نے کافی کرکٹ کھیلی ہے اور انہیں خود کو تازہ دم رکھنے کے لیے 2-3 میچوں کا وقفہ لینا چاہیے۔ وقفے کی وجہ سے وہ اپنی ناکامیوں کے بارے میں نہیں سوچیں گے اور مثبت کرکٹ کھیل سکیں گے۔ کرک ٹریکر سے بات کرتے ہوئے اظہر نے کہا کہ میرے خیال میں کوہلی نے بہت زیادہ کرکٹ کھیلی ہے۔ اگرچہ بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں کافی وقفہ لیا ہے لیکن اگر آپ مسلسل آئی پی ایل میں کھیلیں گے تو اس کا اثر کھیل پر پڑے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ کوہلی کا فٹ ورک بہت کم ہو گیا ہے اور جب میں انہیں بطور کھلاڑی دیکھتا ہوں تو مجھے لگتا ہے کہ انہیں دو سے تین میچوں کا وقفہ لے کر خود کو تازہ دم کرنا چاہیے۔ اظہر نے کہا کہ اگر کوئی کھلاڑی رنز نہیں بنا پاتا ہے تو اس پر اگلے میچ میں رن بنانے کا دباؤ ہوتا ہے اور اگر وہ مسلسل ناکام رہے تو یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ مجھے کوہلی کی صلاحیت پر کوئی شک نہیں، لیکن ہر کھلاڑی کو وقفے کی ضرورت ہے۔ حیدرآباد کے خلاف ان کا فٹ ورک درست نہیں تھا اور اس کی وجہ سے جانسن کی گیند ان کے بلے کا کنارہ لے کر دوسری سلپ میں گئی اور وہ کیچ آؤٹ ہوگئے۔