Urdu News

کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز ڈی ڈی اسپورٹس پر راست طور پر نشرکیے جائیں گے

اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا

 

 

نئی دہلی، 23 اپریل 2022:

بھارت کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2021 کا منتظر ہے، اس سلسلے میں کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک خوش خبری ہے  ، وہ یہ کہ ڈی ڈی اسپورٹس 24 اپریل 2022 سے شروع ہورہے کھیلوں کے اس مقابلے کو ہر کسی کے ٹی وی اور موبائل پر راست طور پر نشر کرےگا۔

بھارت میں کھیل کود کی ثقافت کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے کھیلو انڈیا گیمز  کے جزو کے طور پر 2020 میں متعارف کرائے گئے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز کا دوسرا ایڈیشن 24 اپریل سے 3 مئی 2022 تک منعقد کیا جائے گا۔ اس کی افتتاحی تقریب 24 اپریل کو اور اختتامی تقریب 3 مئی کو منعقد ہوگی۔

بھارت میں مختلف کھیلوں کے لیے ایک مضبوط فریم ورک تیار کرنے کے مقصد سے، کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز قومی سطح کا ایک کثیرجہتی سالانہ مقابلہ ہے جس میں ملک بھر کے مختلف کھیلوں کے ایتھلیٹ حضرات کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں۔ یہ ملک میں یونیورسٹی کی سطح کا کھیل کود کا سب سے بڑا مقابلہ ہے جس کا مقصد 18 سے 25 برس کی عمر کے کھلاڑیوں کی شناخت کرنا اور انہیں اولمپک اور ایشیائی کھیلوں کے لیے تیار کرنا ہے۔

اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے تعاون سے، ڈی ڈی اسپورٹس نے اس ایڈیشن میں مختلف کھیلوں کی جامع کوریج کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے ہیں۔ توقع کی جاتی ہے کہ اس ایڈیشن میں 175 سے زائد یونیورسٹیوں کے 3800 سے زائد ایتھلیٹ حصہ لیں گے۔ ایتھلیٹکس، والی بال، تیراکی، باسکٹ بال، ویٹ لفٹنگ، کشتی، کبڈی، کراٹے اور یوگ آسن جیسےکھیلوں کو ڈی ڈی اسپورٹس پر راست طور پر نشر کیا جائے گا، جبکہ جوڈو، ٹینس، ملاکھمب، تیراندازی، تیغ زنی، فٹبال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، ہاکی، شوٹنگ اور باکسنگ جیسے مقابلوں کو ریکارڈ شدہ فارمیٹ میں نشر کیا جائے گا۔ پہلے ایڈیشن میں شامل کیے گئے 18 کھیلوں کے مقابلے میں اس ایڈیشن میں 20 کھیلوں کو شامل کیا جا رہا ہے ، کیونکہ اس ایڈیشن میں پہلی مرتبہ یوگ آسن اور ملاکھمب جیسے دو دیسی کھیلوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔

مختلف کھیلوں کو ناظرین تک پہنچانے کے لیے  ٹی وی نشریہ کے علاوہ، ڈی ڈی اسپورٹس کی چار لائیو اسٹریم پرسار بھارتی اسپورٹس یوٹیوب چینل پر بیک  وقت دستیاب ہوں گی۔

ان کھیلوں کو روزانہ صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک، راست / تاخیر کے ساتھ راست طور پر نشر کیا جائے گا۔ اس کے بعد آدھے گھنٹے کی جھلکیاں/ اعدادو شمار پر مبنی پروگرام  پیش کیا جائے گا اور دیگر آدھے گھنٹے کے لیے ابھرتے ہوئے باصلاحیت نوجوانوں پر پروگرام پیش کیا جائے گا۔

یومیہ جھلکیاں اور اہم تقریبات دوردرشن کے علاقائی چینلوں پر بھی دستیاب ہوں گی۔ کھیلوں کی افتتاحی اور اختتامی تقریبات ڈی ڈی اسپورٹس اور ڈی ڈی نیشنل پر راست طور پر نشر کی جائیں گی۔

کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز 2021 سے متعلق یومیہ پیش رفت کے بارے میں تمام تر تازہ جانکاری کے لیے ڈی ڈی اسپورٹس (@ڈی ڈی اسپورٹس چینل) اور آل انڈیا ریڈیو اسپورٹس (@آکاش وانی اسپورٹس)کے ٹوئیٹر ہینڈل کو فالو کریں۔

Recommended