Urdu News

ٹی۔20کی تازہ رینکنگ میں کے ایل راہل اور رضوان کو ایک ایک پوزیشن کا فائدہ

ٹی۔20کی تازہ رینکنگ میں کے ایل راہل اور رضوان کو ایک ایک پوزیشن کا فائدہ

آئی سی سی کے ذریعہ جاری کئی گئی ٹی۔ 20کی حالیہ رینکنگ میں ٹیم انڈیا کے اوپنر کے ایل راہل، پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل کو بلے بازوں کی درجہ بندی میں فائدہ ہوا ہے۔ گپٹل ٹاپ 10 میں واپس آگئے ہیں جبکہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما دونوں ٹاپ 10 سے باہرہوگئے ہیں۔ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلافٹی۔20 سیریز میں 3-0 سے کلین سویپ کیا اور کے ایل راہل نے پہلے دو میچوں میں شاندار بلے بازی کی جس کا انہیں تازہ ترین درجہ بندی میں فائدہ ملاہے۔

گپٹل نے بھی اس سیریز میں تیز بلے بازی کی۔ اس کارکردگی کی وجہ سے ان کی  ٹاپ 10 بلے بازوں میں واپسی ہوئی۔ محمد رضوان نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنی شاندار فارم کو جاری رکھا اور پانچویں سے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم بدستور نمبرون ٹی۔20 بلے بازکی پوزیشن پر قائم ہیں۔ انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان دوسرے نمبر پر ہیں۔

ٹاپ 10 میں واحد ہندوستانی بلے باز کے ایل راہل ہیں جو چھٹے سے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ وراٹ کوہلی اس سیریز میں نہیں کھیلے اور ان کی رینکنگ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، وہ 11ویں نمبر پر برقرار ہیں۔ ٹیم انڈیا کے نئے ٹی۔20 کپتان روہت شرما 13 ویں نمبر پر ہیں۔

وہیں ٹی۔20گیندبازوں کی رینکنگ میں سری لنکائی گیندباز وانیندو ہسرانگا پہلی پوزیشن پر، جنوبی افریقہ کے تبریز شمسی دوسرے اور آسٹریلیائی گیندباز ایڈم زمپا تیسری پوزیشن پر ہیں۔ اس فہرست میں ٹا پ ٹین میں کوئی بھی ہندوستانی گیند بازشامل نہیں ہے۔ آل راونڈرس کی درجہ بندی میں افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی پہلے نمبر اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی شکیب الحسن دوسرے نمبر پر ہیں۔

Recommended