Urdu News

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم لقمان علی نے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم لقمان علی نے کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایم اے سوشل ورک سال اول کے طالب علم محمد لقمان علی نے کھیلو اندیا یونیورسٹی گیمز(کے آئی یو جی)میں کشتی کے مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتاہے۔کے آئی جی یو میں دوسو سے زیادہ طلبا نے حصہ لیا تھا۔یاد رہے کہ کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز حکومت ہند کے کھیلو انڈیا مہم کا ایک حصہ ہے جس کا مقصد ملک میں نئی صلاحیتوں کی کھوج اور گراس روٹ سطح پر کھیل کود کو فروغ دینا ہے۔

لقمان علی نے شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ، پروفیسر نجمہ اختر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔لقمان کے ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اسپورٹس ڈائریکٹر پروفیسر وسیم احمد خان اور دیگر عہدیداران بھی تھے۔شیخ الجامعہ نے اس شان دار کامیابی کے لیے لقمان علی کو مبارک باد دی اور بطور انعام دس ہزار روپے نقد بھی دیے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے مسجل،پروفیسر ناظم حسین الجعفری نے بھی اس شان دار کامیابی کے لیے لقمان علی کو مبارک باد دی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جامعہ اسپورٹس کے ڈائریکٹر پروفیسر وسیم احمد خان نے کہاکہ یونیورسٹی کی اسپورٹس کمیٹی کو لقمان کے نام کی سفارش کی جائے گی اور ان کے اعزاز کے لیے نقد دس ہزار روپے بھی دیے جائیں گے۔

اس سے پیش تر بھی لقمان جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لیے کئی مرتبہ میڈل جیت کر لاچکے ہیں۔ان میں مدھیہ پردیش میں منعقدہ نیشنل جو جٹسو چمپئن شپ دوہزارتیئس میں ایک طلائی تمغہ،کل ہند انٹر یونیورسٹی گریپلنگ چمپئن شپ میں دو کانسے کے تمغے،اور یوپی کے نندنی میں نومبر دوہزار بائیس میں ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے قومی کشتی چمپئن شپ میں چاندی کا ایک تمغہ شامل ہے۔

انھوں نے بینکاک،تھائی لینڈ میں منعقدہ ساتویں ایشیا جو جٹسو چمپئن شپ میں بھی حصہ لیاتھا اور پانچویں مقام پر آئے تھے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ نے کے آئی یو جی میں اس سال باسکیٹ بال اور لان ٹینس میں بھی حصہ لیا تھا اور باسکیٹ بال کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر آئی تھی۔

Recommended