Urdu News

مدھیہ پردیش نے رقم کی تاریخ، ممبئی کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار جیتا رنجی ٹرافی کا خطاب

مدھیہ پردیش نے رقم کی تاریخ، ممبئی کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار جیتا رنجی ٹرافی کا خطاب

مدھیہ پردیش کی کرکٹ ٹیم نے رنجی ٹرافی کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے اتوار کو بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے آخری دن ممبئی کوچھ وکٹوں سے شکست دے کر رنجی ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ رنجی ٹرافی کی 88 سالہ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب مدھیہ پردیش نے ٹرافی حاصل کی ہے۔

چناسوامی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے رنجی ٹرافی کے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری ممبئی کی ٹیم نے پہلی اننگز میں 374 رنز بنائے جس کے جواب میں مدھیہ پردیش کی ٹیم نے تین سنچری اننگز کی بدولت 536 رنز بنائے اور 162 رنز کی برتری حاصل کی۔ جواب میں ممبئی نے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنائے تھے۔

میچ کے آخری دن اتوار کو ممبئی کی دوسری اننگز 269 رنز پر سمٹ گئی۔ اس طرح مدھیہ پردیش کو میچ جیتنے کے لیے 108 رنز درکار تھے جو 4 وکٹوں کے نقصان پر ا?سانی سے حاصل کرلیا۔ ا?خری دن کے میچ میں ایم پی کا پہلا وکٹ 2 رن پر یش دوبے (1)، دوسرا وکٹ 54 رنز پر ہمانشو منتری (37)، تیسرا وکٹ 66 رنز پر پارتھ سینی (5)، چوتھا وکٹ 101 رنز پر شبھم شرما (30) کی شکل میں گرا۔ لیکن رجت پاٹیدار نے 30 رنز اور آدتیہ شریواستو نے 1 رن ناٹ آؤٹ بنا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

23 سال قبل 1899 میں بھی مدھیہ پردیش رنجی ٹرافی کے فائنل میں پہنچی تھی لیکن اسے کرناٹک سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اس بار مدھیہ پردیش کی ٹیم نے کوئی غلطی نہیں کی اور رنجی میں 41 بار چیمپئن رہنے والی ممبئی کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی جیت لی۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ شبھم شرما کو دیا گیا۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 116 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 30 رنز کی شراکت کی۔ انہیں 25000 روپے کا چیک دیا گیا۔ وہیں مین آف دی سیریز کا ایوارڈ ممبئی کے سرفراز خان کو دیا گیا۔

میچ کے بعد ایم پی کے کپتان آدتیہ شریواستو نے کہا، ”پوری طرح سے پرجوش ہوں۔ ہم انتہائی جذباتی ہیں۔ بطور کپتان یہ میرا پہلا سال تھا۔ میں نے جو کچھ سیکھا ہے وہ چندرکانت صاحب سے ہے۔ میں اسے جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ یہ بہت ہی شاندار ہے، اچھا لگ رہا ہے۔ یہ سب کرنا آسان نہیں تھا۔“

ممبئی کے کپتان پرتھوی شا نے کہا ”لڑکوں نے جس طرح کھیلا وہ ناقابل یقین تھا۔ ٹیم میں بہت سارے نئے لوگ تھے۔ ایم پی نے اچھا کھیلا۔ میں زیادہ دیر تک بیٹنگ کر سکتا تھا۔ اس سال نہیں، لیکن یقینی طور پر اگلے سال ہم جیتیں گے۔ سرفراز، ملانی، پارکر، ارمان جعفر نے اچھا کھیلا، وہ ٹیم کا مستقبل ہیں۔“

مدھیہ پردیش کو فاتح کے طور پر 2 کروڑ روپے سے زیادہ کی انعامی رقم ملی، جب کہ فائنل کھیلنے والے ہر کھلاڑی کو میچ فیس کے طور پر 1.75 لاکھ روپے ملیں گے۔

ریاست کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے ٹویٹ کر کے مدھیہ پردیش کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا، 'رنجی ٹرافی 2022 کے فائنل میچ میں اپنے شاندار اور منفرد کھیل سے مدھیہ پردیش کی ٹیم نے نہ صرف شاندار فتح حاصل کی ہے بلکہ لوگوں کا دل بھی جیت لیا ہے۔ ساتھ ہی، سی ایم نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی ٹیم کا شاندار استقبال کیا جائے گا۔

Recommended