نئی دلّی ،21 دسمبر/ ’ کھیل ‘ ریاست کا موضوع ہونے کی وجہ سے کھیل کود کو گاؤں کی سطح پر عوام کے لئے قابل رسائی بنانے کی ذمہ داری ریاست / یو ٹی حکومتوں کی پر عائد ہوتی ہے ۔ مرکزی حکومت ، اُن کی کوششوں میں اضافہ کرتی ہے ۔ البتہ ، نو جوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت ملک میں گاؤں کی سطح سمیت کھیلوں کی ترقی کے لئے مندرجہ ذیل اسکیمیں چلا رہی ہے ۔ ( i ) کھیلو انڈیا اسکیم ، ( ii ) کھیلوں کی قومی فیڈریشنوں کے لئے امداد ، ( iii ) کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں جیتنے والوں اور اُن کے کوچ حضرات کے لئے خصوصی ایوارڈ ، ( iv ) کھیلوں کے قومی ایوارڈ ، ( v ) ممتاز کھلاڑیوں کے لئے پنشن ، ( vi ) پنڈت دین دیال اپادھیائے نیشنل اسپورٹس ویلفیئر فنڈ ، ( vii ) نیشنل اسپورٹس ڈیولپمنٹ فنڈ اور ( viii ) اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ذریعے کھیلوں کے تربیتی مراکز کو چلانا ۔
مذکورہ اسکیموں کی تفصیلات وزارت اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر عوام کے لئے دستیاب ہیں اور یہ ریاست / یو ٹی کے حساب سے نہیں ہیں ۔ پچھلے پانچ برسوں کے دوران وزارت کی کھیلوں کی ترقی کی مختلف اسکیموں کے تحت 7072.28 کروڑ روپئے مختص کئے گئے اور 6801.30 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں ۔
مذکورہ معلومات نو جوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج لوک سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں فراہم کیں ۔