Urdu News

محمد سمیع نے سنچورین میں رقم کی تاریخ، کامیابی کا سہرا والد اور بھائی کے سر باندھا

محمد سمیع نے سنچورین میں رقم کی تاریخ، کامیابی کا سہرا والد اور بھائی کے سر باندھا

ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز محمد سمیع نے سنچورین ٹیسٹ میں تاریخ رقم کی۔ محمد سمیع 200 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے ہندوستان کے تیسرے تیز گیند باز بن گئے ہیں۔ سمیع نے یہ کارنامہ اپنے 55ویں ٹیسٹ میچ میں انجام دیا، کپل دیو نے 50ویں ٹیسٹ میں جبکہ جواگل سری ناتھ نے 54ویں ٹیسٹ میں ایسا کیا۔ سمیع نے اس مرحلے تک پہنچنے کا کریڈٹ اپنے والد اور بھائی کو دیا ہے۔ سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعدسمیع نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ جہاں تک پہنچے ہیں اس کا زیادہ تر کریڈٹ ان کے والد کو جاتا ہے۔

سمیع نے کہا، 'میں آج جہاں بھی ہوں اور جو کچھ بھی ہوں، اس کا زیادہ تر کریڈٹ میرے والد کو جاتا ہے۔ کیونکہ میں اس علاقے سے ہوں جہاں زیادہ سہولیات نہیں تھیں۔ پانچ وکٹیں لینا بہت خاص ہے، اس کے لیے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ میں اپنی کامیابی کا کریڈٹ اپنے والد اور بھائی کو دینا چاہوں گا۔ میرے والد اور میرے بھائی نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا۔ میں جہاں ہوں صرف ان  کی وجہ سے ہوں۔

سمیع  نے سنچورین ٹیسٹ کے تیسرے دن جنوبی افریقہ کے پانچ بلے بازوں کو پویلین بھیجا۔ بھارت نے پہلی اننگ میں 327 رن بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 197 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

Recommended