ٹی 20 ورلڈ کپ شروع ہو چکا ہے۔ٹیم انڈیا کو اپنا پہلا میچ پاکستان کے خلاف 24اکتوبر سے کھیلنا ہے۔اس سے قبل ٹیم انڈیا کے دو وارم اپ میچز ہیں۔ ٹیم انڈیا کے سابق کپتان مہندرسنگھ دھونی مینٹور کے طور پر اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے ٹیم کے ساتھ وابستہ ہو چکے ہیں۔ اس موقع پربی سی سی آئی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مہندر سنگھ دھونی کی دو تصاویر شیئر کی ہیں۔ تصویر شیئر کرتے ہوئے، انہوں نے لکھا، 'کنگ کا کافی گرمجوشی کے ساتھ خوش آمدید ہے۔ایم ایس دھونی ٹیم انڈیا کے ساتھ واپس جڑچکے ہیں اور ایک نئے رول میں‘۔
اپنی کپتانی میں ہندوستان کوپہلا ٹی۔20 ورلڈ کپ کا خطا دلانے والے دھونی کو ٹیم انڈیا کامینٹور بنایا گیا ہے۔ وہ اتوار کے روز پریکٹس سیشن کے لیے ٹیم میں شامل ہوئے۔ ٹیم کے کوچ روی شاستری بھی دھونی کے ساتھ نظر آئے۔
ابھی کچھ دن پہلے دھونی نے آئی پی ایل۔ 2021 میں اپنی کپتانی میں چنئی سپر کنگس کو چوتھی بار فاتح بنایاہے۔ آئی پی ایل ختم ہونے کے فورا ًبعد وہ ٹیم انڈیا میں شامل ہوگئے۔ بھارت کا پہلا میچ پاکستان سے ہوگا۔ یہ میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔دھونی کے تجربے کو دیکھتے ہوئے انہیں ٹیم انڈیا کے ساتھ وابستہ کیا گیا ہے۔ وہ ٹیموں کا کھیل دیکھ کر ان کی کمزوری اور طاقت کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور پاکستان کے خلاف میچ سے پہلے ٹیم انڈیا بھی اپنی کمزوریوں کو درست بھی کر سکتی ہے۔
ورلڈ کپ جیسے ٹورنامنٹ کے لیے ماہی کی بطور مینٹور تقرری ہندوستانی کرکٹ کے لیے ایک بڑا مثبت قدم سمجھا جارہا ہے۔ دھونی نے 15 اگست 2020 کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔