بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ ممبئی کے وانکھیڑے ا سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ میچ میں نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز صرف 62 رنز پر سمٹ گئی۔ یہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کا سب سے کم اسکور ہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے کوئی بھی بلے باز نہ کھیل سکا۔ کائل جیمیسن نے سب سے زیادہ 17 رنز بنائے۔ روی چندرن ایشون 4 وکٹیں، محمد سراج 3، اکشر پٹیل نے 2 لیا اور جینت یادو نے بھارت کے لئے 01 وکٹ حاصل کی۔
مہمان ٹیم کی پہلی اننگز کا آغاز خراب رہا۔ بھارت کے تیز گیند باز محمد سراج نے نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کر دیا۔ سراج نے اوپنرز ول ینگ (04) اور ٹام لیتھم (10) اور راس ٹیلر (01) کو پویلین بھیجا۔ اس کے بعد ہندوستانی اسپنرز نے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں پر تہلکہ مچا دیا۔روی چندرن اشون، اکسر پٹیل اور جینت یادونے مل کر نیوزی لینڈ کو 62 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ نیوزی لینڈ کے لیے صرف دو بلے باز کائل جیمیسن (17) اور ٹام لیتھم (10) دوہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔ ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے کوئی بھی بلے باز نہ ٹھہر سکا۔
اس سے قبل میچ میں واپسی کرنے والے کپتان ویراٹ کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے پہلی اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 325 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے مینک اگروال نے 150 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ اکشر پٹیل نے 52 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کے اسپن بولر اعجاز پٹیل نے پہلی اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کیں۔