یوجین،22 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا نے یہاں اپنی پہلی کوشش میں 88.39 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ عالمی چمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
تمغے کے مضبوط دعویدار ہندوستانی کھلاڑی 24 سالہ نیرج نے جمعرات کو یہاں مردوں کے جیولن تھرو گروپ اے کوالیفکیشن راؤنڈ کا آغاز کیا اور 88.39 میٹر کے فاصلے کا تھرو کیا۔ یہ ان کے کیریئر کا تیسرا بہترین تھرو ہے۔ میڈل راؤنڈ اتوار کو ہوگا۔
دو کوالیفکیشن راؤنڈ گروپس میں 83.50 میٹر یا 12 بہترین پرفارم کرنے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کرتے ہیں۔ گریناڈا کے دفاعی چیمپئن اینڈرسن پیٹرس اور ایک اور ہندوستانی روہت یادو گروپ بی میں مدمقابل ہوں گے۔
چوپڑا کا ذاتی بہترین 89.94 میٹر ہے۔ انہوں نے 2017 میں لندن ورلڈ چیمپئن شپ میں فائنل میں جگہ بنانے کی امیدوں کے ساتھ حصہ لیا تھا، لیکن وہ 83 میٹر کے آٹومیٹک کوالیفکیشن کے پوائنٹ حاصل کرنے سے چوک گئے تھے۔ وہ صرف 82.26 میٹر تھرو کرنے میں ہی کامیاب رہے تھے۔