Urdu News

پاکستان 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا، ٹیم انڈیا کی بھی شرکت متوقع

پاکستان 2023 میں ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا، ٹیم انڈیا کی بھی شرکت متوقع

دبئی، 16اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

پاکستان 2023 میں ہونے والے کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا۔ یہ فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے دبئی میں منعقدہ اجلاس میں لیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اے سی سی کے صدر اور بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے بھی اس فیصلے کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں ہوگا۔

اس کے علاوہ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سری لنکا 2024 کے ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا اور اسے ٹی۔20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ جے شاہ نے کہا کہ ایشیا کپ کسی دوسرے ملک کے بجائے پاکستان میں ہی ہونا چاہیے۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی اور بی سی سی آئی نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 اکتوبر-نومبر میں منعقد ہونا ہے، لہٰذا ایشیا کپ اسی سال کے وسط میں منعقد ہوگا۔ آئی پی ایل سال کے ابتدائی دنوں میں کھیلا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹی۔20 ورلڈ کپ بھی اگلے سال آسٹریلیا میں کھیلا جانا ہے۔ ایشیا کپ کا انعقادان بڑے ٹورنامنٹس سے ٹکر ارہا تھا۔ ایسے میں اے سی سی ان عالمی ایونٹ سے پہلے ایشیا کپ کی میزبانی کرنا چاہتی ہے۔

ایشیا کپ کی وجہ سے ٹیم انڈیا بھی پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے۔پچھلی بار بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس بار جے شاہ نے اس ٹورنامنٹ کے لیے اپروچ دکھائی ہے، اس سے ایسا لگتا ہے کہ بھارت میچ کھیلنے کے لیے پاکستان جا سکتا ہے۔

دریں اثنا اس طرح کی اطلاعات ہیں کہ جے شاہ نے پی سی بی چیف رمیز راجہ کو آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کے لیے مدعو کیا تھا۔ تاہم رمیز ذاتی وجوہات کی بنا پر نہیں آسکے۔ پچھلی بار2018میں ایشیا کپ متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوا تھا۔ اس میں بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کرخطاب جیتاتھا۔

واضح ہو کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں نے حال ہی میں پاکستان کے ساتھ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ وہیں اب پاکستان کو ایشیا کپ کی میزبانی کا موقع ملا ہے۔ پی سی بی کے نئے چیئرمین رمیز راجہ کے لئے اسے ایک بڑی حصولیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

Recommended